وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ سےجاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچ کر ان کے والد عبدالعزیز شیخ سے تعزیت کی۔

وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر بھی سبیکاشیخ کے گھر پہنچے اور عبدالعزیز شیخ سے بیٹی کی ناگہانی موت پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’سبیکا ایک شاندار طالبہ تھیں اور پوری قوم ان کی ناگہانی موت پر غم زدہ ہے‘۔

انھوں نے کہا کہ ‘دہشت گردی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہوئی ہے’۔

مزید پڑھیں:سبیکا شیخ کی موت پر اہلخانہ اور دوست غم سے نڈھال

کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج کے تحت ہیوسٹن سانٹافے اسکول میں زیر تعلیم17 سالہ پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ دو روز قبل امریکا کے شہر ہیوسٹن کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں 10 افراد میں شامل تھیں۔

سبیکا کے والد عبدالعزیز شیخ کا کہنا تھا کہ سبیکا تین بہنوں میں سب سے بڑی لیکن بھائی سے چھوٹی تھیں اور 9 جون کو واپس گھر آرہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا ’میں انھیں فون کرتا رہتا تھا اور وٹس ایپ پر پیغام بھیجتا تھا اور میری بیٹی نے اس سے پہلے کبھی بھی جواب دینے میں دیر نہیں لگائی تھی، ہم ابھی سکتے کے عالم میں ہیں‘۔

سبیکا شیخ نے کراچی پبلک اسکول سے میٹرک مکمل کیا اور وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق سبیکا شیخ سینٹا فے اسکول میں دیگر ‘طالب علموں کے لیے مثالی ’ تھیں۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے نے سبیکا شیخ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیس بک پر پیغام تحریر کیا کہ ‘میں نے سبیکا شیخ کے اہل خانہ کو فون کیا اور تعزیت کے کلمات کہے، سبیکا یوتھ ایمبیسڈر تھیں اور ثقافت اور لوگوں کے مابین رابطے کا ذریعہ تھیں، ہم ان کی یادوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں’۔

تبصرے (0) بند ہیں