واشنگٹن: ایک امریکی ادارے کی جانب سے کم عمر نوجوانوں میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال کے حوالے سے کیے گئے سروے کے مطابق فیس بک دیگر انٹرنیٹ ذرائع کے مقابلے میں امریکی نوجوانوں میں تیزی سے اپنی مقبولیت کھو رہا ہے۔

دوسری جانب امریکی تحقیقاتی ادارے پیو ریسرچ سینٹر کی رپورٹ نے بھی سروے کے نتائج کی تصدیق کی، جس کے تحت طویل عرصے سے سماجی رابطوں کا سب سے مرکزی حصہ سمجھی جانے والی ویب سائٹ فیس بک کے استعمال میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

سروے کے مطابق 13 سے 17 سال کی عمر کے 51 فیصد امریکی نوجوان فیس بک استعمال کرتے ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں 85 فیصد نوجوان یوٹیوب، 72 فیصد انسٹاگرام اور 69 فیصد انسٹاگرام سنیپ چیٹ پر رابطہ کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک نوجوانوں میں اب مقبول نہیں؟

اس بارے میں 15-2014 میں کیے جانے والے پیو ریسرچ سروے کے مطابق فیس بک استعمال کرنے والے افراد کا 71 فیصد حصہ کم عمر نوجوانوں پر مشتمل تھا۔

سابقہ سروے کے مطابق 95 فیصد کم عمر نوجوان اسمارٹ فونز استعمال کرتے ہیں جبکہ 45 فیصد نوجوان زیادہ تر آن لائن رہتے ہیں، مذکورہ دونوں اعداد وشمار میں گزشتہ سروے کے مقابلے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سروے میں کہا گیا کہ کم عمر نوجوانوں میں سماجی رابطے کے ذرائع استعمال کرنے کے رجحان میں 3 برس کے دوران واضح تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

مزید پڑھیں: فیس بک میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی؟

اس حوالے سے پیو ریسرچ سینٹر کی مرتب کردہ تحقیقاتی رپورٹ کی مرکزی محقق مونیکا اینڈرسن کا کہنا تھا کہ ماضی میں نوجوانوں میں سوشل میڈیا کا استعمال فیس بک کے گرد ہی گھومتا تھا جبکہ اس کے مقابلے میں آج فیس بک کے استعمال میں کمی ہونے کے ساتھ اس رجحان کو منتقل ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔

اس ضمن میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق ماضی کے مقابلے میں سب زیادہ آج کے دور میں کم عمر نوجوان ڈیجیٹلی طور پر منسلک ہیں۔

سروے میں کم عمر نوجوانوں پر مرتب ہونے والے سوشل میڈیا کے اثرات میں بھی واضح فرق دیکھنے میں آیا ہے، جس کے مطابق 31 فیصد کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا زیادہ تر مثبت اثرات مرتب کرتا ہے جبکہ 24 فیصد نے اس کے اثرات کو منفی قرار دیا، اس کے علاوہ 45 فیصد نے نہ اسے منفی قرار دیا نہ مثبت۔

یہ بھی پڑھیں: فیس بک پر آپ کی پوسٹ کتنے لوگوں تک جاتی ہے؟

اس حوالے سے ایک اور امریکی ریسرچ کمپنی ای-مارکیٹر کا کہنا تھا کہ رواں سال فیس بک استعمال کرنے والے 24 سال سے کم عمر امریکیوں کی تعداد میں 20 لاکھ صارفین کی کمی واقع ہوگی، تاہم یہ کمی بڑی عمر کے صارفین کی تعداد میں اضافے سے متوازن ہوجائے گی۔

اس سلسلے میں ایک سرمایہ کار کمپنی ’پائپر جافرے‘ کی گزشتہ سال کی رپورٹ کے مطابق کہ امریکیوں نوجوانوں کی 47 فیصد تعداد سوشل میڈیا میں اسنیپ چیٹ کے استعمال کو ترجیح دیتی ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں یکم جون 2018 کو شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں