پاکستان اور بھارت کے فوجی حکام کی جانب سے 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر مکمل عمل درآمد پر اتفاق کے محض تین دن بعد ہی آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔

ڈان کو پولیس عہدیدار محمد شکیل نے بتایا کہ 25 سالہ مدثر اقبال کو عباس پور سیکٹر کے گاؤں پولاس میں ان کے گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مدثر اقبال کو بائیں پاؤں میں گولی لگی جس کے بعد انھیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ گاؤں پولاس لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پونچھ سیکٹر میں واقع ہے جہاں شہری اکثر و بیشتر بھارتی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنتے ہیں۔

پونچھ سیکٹر میں 15 مئی کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے 55 سالہ شہری جاں بحق ہوا تھا۔

یاد رہے کہ 29 مئی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے خصوصی ہاٹ لائن میں رابطے پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاک-بھارت ڈی جی ایم اوز کا جنگ بندی معاہدے کی پاسداری پر اتفاق

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کے اطراف موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا اور صورت حال میں بہتری کے لیے مخلصانہ اقدامات اٹھانے، امن کو یقینی بنانے اور سرحد کے قریب رہائش پذیر شہریوں کی مشکلات کم کرنے پر باہمی طور پر اتفاق کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر فوری طور پر مکمل عمل درآمد اور کسی بھی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا تھا۔

دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کسی مسئلے کی صورت میں تحمل کا مظاہرہ کیا جائے گا اور معاملہ ہاٹ لائن رابطے اور مقامی کمانڈروں کی سطح پر سرحدی فلیگ میٹنگز کے موجودہ نظام کے ذریعے حل کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں