امام کی سنچری، پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2018
پاکستانی اوپنر امام الحق نے 128 رنز کی اننگز کے دوران 11 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی اوپنر امام الحق نے 128 رنز کی اننگز کے دوران 11 چوکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے نوجوان بلے باز امام الحق کی شاندار سنچری اور شاداب خان کی بہترین باؤلنگ کی بدولت ایک روزہ سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو باآسانی 201 رنز سے شکست دے کر 5ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

زمبابوے کے شہر بلاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر ابرآلود موسم کا فائدہ اٹھانے کے لیے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔

تاہم زمبابوے کا فیصلہ بالکل غلط ثابت ہوا اور پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخر زمان نے ٹیم کو 113 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر 7 چوکوں کی مدد سے 60رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے۔

زمبابوے کے کپتان ہملٹن مساکاڈزا ڈیبیو کرنے والے ریان مرے کو کیپ پیش کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
زمبابوے کے کپتان ہملٹن مساکاڈزا ڈیبیو کرنے والے ریان مرے کو کیپ پیش کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دوسرے اینڈ سے امام نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز بابر اعظم کے ساتھ مل کر اسکور کو 172 تک پہنچا دیا، بابر کی اننگز 30رنز پر تمام ہوئی۔

تجربہ کار شعیب ملک نے بھی امام کا ساتھ دیا اور دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 63 کی شراکت قائم کر کے پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

اس دوران امام نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی جبکہ شعیب نے آؤٹ ہونے سے قبل 22 رنز بنائے۔

268 کے اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان پہنچا جب امام 11 چوکوں سے مزین 128 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ایک روزہ کرکٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے آصف علی نے اننگز کے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ٹیم کو 300 کا ہندسہ پار کرنے میں مدد دی۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے ڈونلڈ تری پانو اور ٹنڈائی چتارا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک مشکل ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم مسلسل مشکلات کا شکار رہی اور پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب 3 رنز بنے تھے جس کے بعد دوسرا نقصان مساکاڈزا کی صورت میں 11 رنز پر اٹھانا پڑا۔

چبابا نے کچھ مزاحمت کی تاہم 53 کے مجموعے پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے، انھوں نے 20 رنز بنائے۔

زمبابوے کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ریان مورے نے بنائے جنھوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 32 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ مساکانڈا 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد میزبان ٹیم کے بلے باز مسلسل وکٹیں گنواتے رہے اور پوری ٹیم 35 اوورز میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان خان اور فہیم اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

امام الحق کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے سیریز کا پہلا میچ 201 رنز سے جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔

سیریز کا دوسرا میچ 16 جولائی کو بولاوایو میں ہی کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں