پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے انتخابات 2018 کے حوالے سے جاری انتخابی مہم کے دوران سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو لاحق سیکیورٹی خدشات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی سیاسی جماعتوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ گالی اور گولی کی سیاست جمہوریت کی دشمن ہے اور ساتھ ہی سوال کیا کہ جن کی زبان پر گالی ہے وہ ملک اور عوام کو کیا دیں گے؟

پی پی پی کے شریک چیئرمین نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری، عوام سے دور نہیں رہ سکتے، ملک کا آئین جمہوری آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔

نواز شریف کی لاہور آمد اور اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں پر دہشت گردی کا مقدمہ قابلِ مذمت ہے، اظہار رائے کی آزادی پر قد غن قابل قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکن جمہوریت کی طاقت ہیں اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔

رپورٹ: نادر گرامانی

تبصرے (0) بند ہیں