مانسہرہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے بارے میں اچھی خبریں موصول نہیں ہورہیں، لیکن عوام کو چاہیے کہ باہر آئیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے انتخابات کے خلاف پھیلی سازشوں کو ناکام بنائیں۔

نتھیا گلی کے سیاحتی مقام پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف بھی عہدے کا استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر بدعنوانی کرنے پر اڈیالہ جیل میں پہنچ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان غیراخلاقی زبان استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن میں طلب

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’شہباز، آپ کا بھی وہی انجام ہوگا جو آپ کے بھائی سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا ہوا‘۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ بدعنوانی بے نقاب کرنے اور ملک دشمن پالیسی کے خلاف آواز اٹھانے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے ان کے خلاف 32 جھوٹے مقدمے درج کروائے۔

مزید پڑھیں: ہیلی کاپٹر استعمال کیس: ’عمران خان نیب میں پیش نہیں ہوں گے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اعلیٰ دوست محمد جانبدار ہیں، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ نگراں حکومت اپنی غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے انتخابات کے لیے اپنے فرائض انجام دے گی۔

عمران خان نے نگراں وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اکرم درانی سے ملے ہوئے ہیں اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے بھی آپ کے بڑے قریبی تعلقات ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’سازشیں کرکے وزیر اعظم بننے کی خواہش عمران خان کی غلط فہمی ہے‘

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نگراں حکومت سے توقع کرتے ہیں ہے کہ وہ آئندہ 7 دنوں میں اپنا وہ کردار ادا کرے گی جس کے لیے اسے مقرر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے گلیات کی عوام سے وعدہ کیا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد ہر سال 4 نئے سیاحتی ریزورٹ تعمیر کرے گی۔


یہ خبر 19 جولائی 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں