اگر آپ پراسرار اور سسپنس سے بھرپور فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں تو یقیناً 'سکستھ سنس'، 'ان بریک ایبل'، 'سائنز' اور 'اسپلٹ' جیسی فلمیں بنانے والے ڈائریکٹر ایم نائٹ سیامالن کے کام کے ضرور معترف ہوں گے۔

اور اب یہ ڈائریکٹر 18 برس کے بعد سب سے بڑے شاکنگ ٹوئسٹ کے ساتھ واپس آرہے ہیں اور ان کی نئی فلم 'گلاس' کا ٹریلر سامنے آگیا ہے اور وہ چونکا دینے والا ہے۔

یہ فلم درحقیقت ڈائریکٹر کی 2 فلموں اسپلٹ اور ان بریک ایبل کا سیکوئل ہے۔

مزید پڑھیں : اسپلٹ: ایک انسان میں چھپی 24 شخصیات کی کہانی

جی ہاں ایک فلم میں 2 فلموں کی کہانیوں کو اکھٹا کرنے کا تجربہ کیا جارہا ہے۔

فلم اسپلٹ جنوری 2017 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں ولن کو ایسا کردار دکھایا گیا تھا جس کے اندر 24 شخصیات چھپی ہوتی ہیں۔

اسی طرح 2000 میں ریلیز ہونے والی ان بریک ایبل ایک مختلف انداز کی سپر ہیرو فلم تھی جس میں مرکزی کردار ایسا سیکیورٹی گاڑ ہوتا ہے جس کے اندر ایک تباہ کن حادثے کے بعد ماورائی طاقتیں پیدا ہوجاتی ہیں، جبکہ ولن ایسا کردار ہوتا ہے جس کی ہڈیاں اتنی کمزور ہوتی ہیں جیسے گلاس یا شیشہ، مگر وہ ہیرو کو تگنی کا ناچ نچا دیتا ہے۔

اس فلم کے ٹریلر میں اسپلٹ اور ان بریک ایبل کے تینوں کردار ایک مینٹل ہاسپٹل میں دکھائے گئے ہیں جہاں ایک خاتون ان تینوں کا علاج کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہر دور کی بہترین سپر ہیروز فلمیں

فلم کے ٹائٹل کو دیکھ کر عندیہ ملتا ہے کہ اس بار فلم میں ایلجاہ پرائس عرف گلاس (سیموئیل ایل جیکسن) کا کردار ڈیوڈ ڈیون (بروس ولز) اور دی ہورڈے (جیمز میکووی) سے زیادہ اہم ہوگا۔

یہ فلم 18 جنوری 2019 کو ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں