بولی وڈ اداکار رنبیر کپور تو اپنی شادی کے حوالے سے کسی قسم کا بیان دیتے نظر نہیں آتے، تاہم ان کے والد اداکار رشی کپور کی بات کی جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں رنبیر کی شادی کی بےحد جلدی ہے۔

رنبیر کپور نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ اور اداکارہ عالیہ بھٹ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، تاہم ابھی ان کے رشتے کی شروعات ہے اس لیے وہ اس پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتے۔

مزید پڑھیں: رنبیر اور عالیہ کی شادی 2020 میں متوقع

اس بیان کے بعد سے رنبیر اور عالیہ دونوں کی ایک ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئیں۔

مڈ ڈے کو دیے ایک انٹرویو میں رشی کپور نے رنبیر کپور کا گھر بستا دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ ’اب رنبیر کپور کو شادی کرلینی چاہیے، میں نے 27 سال کی عمر میں شادی کرلی تھی، رنبیر اس وقت 35 سال کا ہوچکا ہے، اس لیے اسے اس بارے میں سوچنا چاہیے، وہ اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کرسکتا ہے اور ہمیں اس بات سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، میں اپنے گزر جانے سے قبل پوتے پوتیوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں‘۔

رشی کپور کا ماننا ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار اتنے مضروف ہوتے ہیں کہ ان کے پاس انڈسٹری سے باہر کسی سے ملنے کا وقت ہی نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور کا جلد شادی کرنے کا عندیہ

یاد رہے کہ رشی کپور کی 1980 میں اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ شادی ہوئی۔

رنبیر کی بات کی جائے تو عالیہ بھٹ سے قبل بولی وڈ کی دو کامیاب اداکاراؤں کے ساتھ رنبیر کپور کا افیئر رہ چکا ہے۔

ان میں دپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف شامل ہیں۔

ان دونوں سے بریک اپ کے بعد رنبیر کپور نے قبول کیا تھا کہ انہوں نے اپنے رشتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا تاہم اب وہ زندگی میں ایک سنجیدہ رشتہ چاہتے ہیں۔

دپیکا پڈوکون کی بات کی جائے تو ان کی اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ شادی کی خبریں طویل عرصے سے سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں اور رپورٹس کے مطابق یہ دونوں رواں سال نومبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں