پاکستانی فلم 'ایکٹر ان لاء' کی اسکریننگ ممبئی میں ایک نجی تقریب کے دوران کی جائے گی۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے فلم کے ڈائریکٹر نبیل قریشی نے انکشاف کیا کہ فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات کی اس فلم کو 10 اگست کو ممبئی کے ایک بہت مشہور کالج کے طالبعلموں کو دکھایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا ' اس فلم کی اسکریننگ ایک ایونٹ کے لیے کی جارہی ہے جو کہ اوم پوری فاﺅنڈیشن کے تحت ہورہا ہے'۔

مزید پڑھیں : ایکٹر ان لا : توقعات پر پوری اتر سکے گی؟

فلم کی اسکریننگ اوم پوری فاﺅنڈیشن کے آغاز کا حصہ ہے جس کے بارے میں نندیتا پوری نے بتایا ' ہم ایونٹ میں اوم پوری اسکالر شپ اور فیلو شپ کا اعلان کریں گے اور ہماری خواہش ہے کہ اس طرح آنجہانی اداکار کے ترکے کو آگے بڑھایا جائے'۔

نبیل قریشی کا کہنا تھا ' ہمیں بھی اس موقع پر مدعو کیا گیا ہے مگر لوڈ ویڈنگ کی ریلیز کی وجہ سے ہم نہیں جاسکتے، مگر اس پر خوش ہیں اور مجھے توقع ہے کہ وہاں کے لوگ بھی فلم کو پسند کریں گے۔ سیاسی ماحول کو دیکھتے ہوئے ہم لوڈ ویڈنگ کی بھارت ریلیز کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے، مگر ہاں اس طرح کی پرائیویٹ اسکریننگ ضرور ہوسکتی ہے، جو ایک اچھا امر ہے'۔

یہ بھی پڑھیں : اوم پوری کی 'پراسرار موت' پر متعدد سوالات

ایکٹر ان لاء، اوم پوری کی پہلی اور واحد پاکستانی فلمی تھی جو کہ ان کی المناک موت کے باعث بھارت میں ریلیز نہیں ہوسکی۔

بولی وڈ اداکار نے اس فلم میں کام کرنے کے لیے ایک پیسہ بھی نہیں لیا تھا۔

نبیل قریشی کے مطابق ' مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ مجھے اوم پوری صاحب کے ساتھ کرنے کا موقع ملا'۔

تبصرے (0) بند ہیں