بولی وڈ ولن کے پوتے ہیرو بننے کے لیے تیار

وردھن پوری رومانٹک تھرلر فلم سے آغاز کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام
وردھن پوری رومانٹک تھرلر فلم سے آغاز کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ میں معروف اداکاروں کے بیٹے اور رشتہ داروں کی کمی نہیں ہے، متعدد سینیئر اداکاروں کی تیسری نسل بھی اب شوبز انڈسٹری کا حصہ بن چکی ہے۔

بولی وڈ میں جہاں ہیروز کے بیٹے ولن اور ہیروئنز کی بیٹیاں گینگسٹر بنتی نظر آتی ہیں، وہیں کچھ ولن کے بچے ہیرو بھی بنتے دکھائی دیتے ہیں۔

جس طرح بولی وڈ کے ولن شکتی کپور کی بیٹٰی شردھا کپور نے ہیروئن بن کر اپنا نام کمایا، اسی طرح اب ہندی فلموں کے ایک اور معروف اور سب سے بڑے ولن آنجھانی امریش پوری کے پوتے بھی فلم میں ہیرو بننے کے لیے تیار ہیں۔

جی ہاں، بولی وڈ کے موگمبو آنجھانی اداکار امریش پوری کے پوتے وردھن پوری جلد ہی ایک رومانٹک تھرلر فلم میں ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے۔

ایسٹرن آئی کی رپورٹ کے مطابق ورھون پوری جلد ہی ہولی وڈ کی 2014 میں ریلیز ہونے والی تھرلر سائیکو فلم گان گرل کے ہندی ریمیک میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ ابھی فلم کا نام سامنے نہیں آیا اور نہ ہی فلم کی دیگر مرکزی کاسٹ کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے آخر تک فلم کی مکمل تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔

رپورٹ کے مطابق وردھن پوری فلم ساز جیانتی لال گدا کی فلم سے ڈیبیو کریں گے۔

ورھن پوری کے مطابق جیانتی لال نے ان سے پہلے کسی تاریخی فلم میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم کچھ وجوہات کی بناء پر اس فلم پر کام نہیں کیا جاسکا، جس وجہ سے اب وہ رومانٹک تھرلر فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ فلم میں ان کی ہیروئن کا نام سامنے نہیں آیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کے مد مقابل کسی نئی ہیروئن کو کاسٹ کیا جائے گا۔

فلم کی شوٹنگ رواں برس کے اختتام تک شروع ہونے کا امکان ہے اور اسے آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں ریلیز کیا جائے گا۔

وردھن پوری اس سے قبل فلم سازی کرتے رہے ہیں انہوں نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘عشق زادے’ میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر خدمات سر انجام دیں۔

انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘شدھ دیسی رومانس‘ اور 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دعوت عشق’ میں بھی کام کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تینوں فلموں میں اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے جوہر دکھائے، اس وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر انہیں ان کے ساتھ فلم میں کاسٹ کیا جائے گا۔

#god #teacher #grandfather #legend #amrishpuri #bollywood #hindifilms #cinema #films

A post shared by Vardhan Puri (@vardhanpuri02) on

خیال رہے کہ وردھن پوری کے دادا امریش پوری 72 برس کی عمر میں جون 2005 کو چل بسے تھے، انہوں نے درجنوں بولی وڈ فلموں میں ولن کا کردار ادا کیا۔

امریش پوری نے نہ صرف منفی بلکہ کئی فلموں میں مثبت کردار بھی ادا کیے۔

امریش پوری نے 1967 سے کیریئر کا آغاز کیا اور 2005 تک فلموں میں کام کرتے رہے، انہوں نے 400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ان کی آخری فلم ‘کسنا: دی وریئر پوئٹ’ تھی جو ان کے مرنے سے 4 ماہ قبل ریلیز ہوئی تھی۔

#Gods

A post shared by Vardhan Puri (@vardhanpuri02) on

تبصرے (0) بند ہیں