مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی فوج کی مختلف کارروائیوں میں جاں بحق نوجوانوں کی تعداد 4 ہوگئی جبکہ کارروائی کے دوران خوف سے بے ہوش ہونے والی ایک خاتون بھی جاں بحق ہوگئیں،آل پارٹیز حریت کانفرنس نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہ مولا کے علاقے کستوری نار میں چھاپہ مارا اور کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو فائرنگ سے ہلاک کردیا۔

اس سے قبل 3 نوجوانوں کو ضلع کپواڑا کے علاقے تنگڈھر میں نشانہ بنایا گیا تھا مختلف علاقوں سے درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ کپواڑا میں مقابلے کے دوران ایک بھارتی فوجی بھی مارا گیا۔

ضلع پلواما کے علاقے نکاس ارابیل میں بھارتی فوجیوں کی کارروائی کے دوران خوف سے ایک خاتون اور ان کی بیٹی بے ہوش ہوگئی تھیں تاہم خاتون بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:کشمیر: 24 گھنٹے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 7 نوجوان جاں بحق

آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بھارتی پولیس اور فوج کی جانب سے جاری ان کارروائیوں اور پٹن کالج کے طلبا پر آنسو گیس برسانے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک نے سری نگر میں خانقاہ مولاعلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی آئین سے 35اے کی شق ختم کرنے کی کوشش مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے اور جموں وکشمیر کو ایک اور فلسطین بنانے کی سازش ہے۔

دوسری جانب جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور جموں و کشمیر یونائیٹڈ پیش موومنٹ نے ایک سیمینار کا اہتمام کیا جہاں آرٹیکل 35 اے کے خلاف جدوجہد پر زور دیا گیا۔

جموں کشمیر کی انتظامیہ نے تحریک آزادی کے شہید رہنما مقبول بٹ بھائی ظہور احمد بٹ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کاٹھوا جیل جموں منتقل کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ 3 اگست کو بھی بھارتی فوج کی کارروائیوں میں 7 کشمیری نوجوانوں کو قتل کیا گیا تھا جس کے بعد وادی میں شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اسلام آباد ٹاؤن کے علاقے لال چوک کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا، جس کے نتیجے میں دو کشمیری جاں بحق ہوئے تھے۔

جون میں مقبوضہ وادی میں ہی نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سینئر صحافی اور روزنامہ ’رائزنگ کشمیر‘ کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری جاں بحق ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں