سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری اور 24 گھنٹوں کے دوران 7 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے کلوڑا کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کو جاں بحق کردیا۔

دوسری جانب شوپیاں میں بھارت مخالف مظاہرے شدت اختیار کرگئے جبکہ بھارتی فوج اور پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ اور فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 20 مظاہرین زخمی ہوگئے۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ 20 شہریوں کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا، جس میں سے 5 زخمیوں کو خصوصی امداد کے لیے سری نگر کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ان 5 زخمیوں میں سے ایک کو کندھے پر گولی لگی تھی جبکہ دیگر 4 کو پیلٹ سے زخم آئے تھے۔

بھارتی فوج نے آپریشن کے باعث انتظامیہ نے شوپیاں ضلع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی جبکہ لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔

سوپور میں 2 کشمیری نوجوان جاں بحق

اس سے قبل گزشتہ روز کشمیر کے قصبے سوپور میں قابض فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج نے نوجوانوں پر سوپور کے علاقے دروسو میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کی، جس سے وہ جاں بحق ہوئے تھے۔

کشمیر کی انتظامیہ نے کپواڑہ اور بارامولہ کے اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کردی تھی جبکہ سوپور میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے تھے۔

بھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ روز دو نوجوانوں ظہور احمد اور بلال احمد شاہ کی اموات کے بعد کپواڑہ، تریہگام، کالا روس اور لولاب کے علاقوں میں مکمل ہڑتال رہی تھی۔

بھارتی فوجی نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کھمریال میں ظہور اور بلال کو فائرنگ کرکے جاں بحق کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: سینئر صحافی شجاعت بخاری فائرنگ سے جاں بحق

نوجوانوں کی ہلاکت کے بعد علاقے میں پیدا ہوجانے والی کشیدہ صوتحال اور مظاہروں کے پیش نظر انتظامیہ نے کپواڑہ میں فوج اور پولیس کی نفری میں اضافہ کردیا تھا ۔

عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ضلع کے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو فوجیوں نے بند کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 جولائی کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اسلام آباد ٹاؤن کے علاقے لال چوک کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا، جس کے نتیجے میں دو کشمیری جاں بحق ہوئے تھے۔

جون میں مقبوضہ وادی میں ہی نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سینئر صحافی اور روزنامہ ’رائزنگ کشمیر‘ کے چیف ایڈیٹر شجاعت بخاری جاں بحق ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں