مہیش بھٹ فلم میں مسلمان پینٹر کا کردار ادا کریں گے—پرومو فوٹو
مہیش بھٹ فلم میں مسلمان پینٹر کا کردار ادا کریں گے—پرومو فوٹو

بولی وڈ کے معروف فلم ساز مہیش بھٹ نے یوں تو گزشتہ 4 دہائیوں سے کئی لڑکے اور لڑکیوں کو بڑا اداکار بنایا ہے، تاہم اب وہ خود بھی اداکار بن گئے۔

جی ہاں، 70 سالہ مہیش بھٹ جلد ہی اداکاری کے کیریئر کا آغاز کرنے جا رہے ہیں اور وہ ایک نئے ہدایت کار کی فلم میں ایک بیمار شخص کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

اگرچہ پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ مہیش بھٹ پہلی بار اپنی بیوی فلم ساز و اداکارہ سونی رضدان کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے، تاہم تاحال اس فلم کے حوالے سے کوئی تازہ اپ ڈیٹ نہیں آئی۔

اس فلم کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ مہیش بھٹ پہلی بار کسی اور پروڈیوسر کی فلم میں اپنی 62 سالہ اہلیہ سونی رضدان کے ساتھ پیار کرتے نظر آئیں گے۔

گزشتہ برس ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ دونوں میاں بیوی پہلی بار نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ساز سنجے ناگ کی فلم ’ یوئرز ٹریولی‘ میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پہلی بار مہیش بھٹ اہلیہ کے ہیرو بنیں گے

تاہم تاحال اس فلم کے حوالے سے کوئی اپ ڈیٹ سامنے نہیں آئی، لیکن مہیش بھٹ کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ وہ نئے فلم ساز طارق خان کی فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مہیش بھٹ نے فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ فلم میں ایک مسلمان شخص کا کردار ادا کریں گے، جو بھارتی شہر ممبئی میں ایک ہندو نوجوان کے ساتھ کرائے کے گھر میں رہتے ہیں۔

فلم ساز کے مطابق وہ فلم میں ذوالفقار نامی مسلمان پینٹر کا کردار ادا کریں گے، جس کا بیٹا امریکا میں رہتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فلم ذہنی بیماری اور رویوں پر مبنی ہے، فلم میں 21 ویں صدی کے سب سے بڑے چیلنج ‘خودکشی’ کے حوالے سے شائقین کو اہم اور مثبت پیغام دیا جائے گا۔

مہیش بھٹ نے ‘خود کشی’ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ پوری دنیا میں بڑھ چکا ہے اور اسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

‘فلمی بیٹ’ کے مطابق مہیش بھٹ جس فلم سے اداکاری کی شروعات کرنے جا رہے ہیں، اس کا نام ‘دی ڈارک سائڈ آف لائف: ممبئی سٹی‘ ہے اور اسے آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں کے کے مینن، نکھل رتناپارکھل اور نیہا خان سمیت دیگر اداکار شامل ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں