کہتے ہیں کہ قسمت کی دیوی کبھی اور کہیں بھی آپ پر مہربان ہو سکتی ہے اور یہ بات بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے منوج کمار کے لیے بالکل صحیح معلوم ہوتی ہے جن کی 200روپے ادھار سے لی گئی لاٹری نے زندگی ہی بدل دی۔

منوج کمار بھارتی ریاست پنجاب کے ضلع سنگرور کے گاؤں مانڈوی سے تعلق رکھنے والے غریب انسان ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی مزدوری کما کر اپنا گزر بسر کرتے ہیں۔

بھارت میں قسمت بدلنے کے خواہشمند ہزاروں افراد روزانہ کی بنیاد پر لاٹری خریدتے ہیں اور اسی آس میں منوج نے بھی کہیں سے 200روہے ادھار لے کر لاٹری خریدی۔

تاہم اس غریب شخص کی خوشی کا اس وقت کوئی ٹھکانہ نہ رہا جب اسے پتہ چلا کہ کسی اور سے لیے ہوئے پیسوں سے خریدی ہوئی اس لاٹری نے اسے راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا ہے۔

جی ہاں، 29اگست کو پنجاب اسٹیٹ کی بمپر لاٹری میں وہ ان دو خوش قسمت لوگوں میں سے ایک تھے جنہوں نے ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے کی لاٹری جیتی۔

اس لاٹری کی قرعہ اندازی لدھیانہ میں ہوئی اور بدھ کو منوج نے ڈائریکٹر لاٹریز آف پنجاب ٹی پی ایس پھولکا سے ملاقات کی جس میں انہیں جلد ہی انعام کی رقم دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

منوج نے لاٹری جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ٹکٹ خریدنے کے لیے رقم ادھار لی تھی، میں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا کہ میں خوابوں میں بھی اتنی بڑی رقم جیت سکتا ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں