خلیفہ دوم حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یوم شہادت یکم محرم الحرام بمطابق 12 ستمبر کو عقیدت و احترام سے منایا گیا۔

حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ مکہ مکرمہ میں پیدا ہوئے، آپ کا نام عمر بن خطاب، لقب 'فاروق' اور کنیت 'ابو حفصہ' تھی۔

حضرت عمرؓ نے نبوت کے چھٹے سال 35 برس کی عمر میں اسلام قبول کیا اور مدینہ منورہ ہجرت کے بعد تمام غزوات میں حصہ لیا۔

اسلام کے لیے آپؓ کی خدمات، جرات و بہادری، فتوحات، شاندار کردار اور کارناموں سے اسلام کا چہرہ روشن ہے۔

حضرت عمرؓ کا زمانہ خلافت اسلامی فتوحات کا دور تھا جس میں اسلامی سلطنت کی حدود 2 لاکھ مربع میل تک پھیلی ہوئی تھیں۔

آپ نے دو بڑی طاقتوں ایران اور روم کو شکست دی، بیت المال کا شعبہ فعال کیا، اسلامی مملکت کو صوبوں اور اضلاع میں تقسیم کیا، عشرہ خراج کا نظام نافذ کیا اور پولیس کا محکمہ قائم کیا۔

27 ذوالحج سن 23 ہجری کو نماز فجر کی امامت کے دوران ابو لولو فیروز نامی مجوسی نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو خنجر سے زخمی کر دیا۔

تین روز بعد یکم محرم الحرام 24 ہجری کو آپؓ نے جام شہادت نوش فرمایا۔

آپ روضہ رسولؐ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو مبارک میں مدفن ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں