پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر، بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ تک پیرول پر رہیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ صرف کابینہ ہی پیرول کی معیاد 12 گھنٹے سے زائد بڑھا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف،مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع

ان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ تک نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پیرول پر رہیں گے۔

پنجاب میں انصاف ہیلتھ پروگرام

فیاض الحسن چوہان نے صوبائی حکومت کی صحت پالیسی کے حوالے سے کہا کہ انصاف ہیلتھ پروگرام کو پنجاب میں متعارف کرارہے ہیں جبکہ ہیلتھ کارڈ کا پروگرام خیبر پختونخوا (کے پی) میں کامیاب رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ میں ہر شخص کے لیے 5 لاکھ روپے تک کی حد مقررکی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سوچ کا پنجاب کے ہر شعبے میں عملی مظاہرہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پنجاب کے محکمہ داخلہ کی اجازت سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ لاہور روانہ ہوگئے تھے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کی رہائی کا اعلان کیا گیا تھا جو بعدازاں 3 روز کردی گئی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ نے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں 3 روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ 14 ستمبر 2018 بروز جمعہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا میں ہی ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں