مسلم لیگ (ن) کی نواز شریف کے پیرول میں توسیع کی کوششیں

اپ ڈیٹ 17 ستمبر 2018
نواز شریف آصف علی زرداری سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو ڈان نیوز
نواز شریف آصف علی زرداری سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو ڈان نیوز

لاہور: اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دیے جانے والے پیرول کی مدت میں بیگم کلثوم نواز کے چہلم تک کی توسیع حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف و دیگر کو بیگم کلثوم نواز کی وفات کے سبب 5 روزہ پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کی مدت بروز پیر شام 4 بجے اختتام پذیر ہوجائے گی۔

اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے پیرول پر رہائی میں توسیع کا فیصلہ انہیں اور ان کے خاندان والوں کو کرنا ہے۔

لاہور میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک عظیم خاتون تھیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کے جنازے میں پورے پاکستان سے لوگ آئے اور اس جنازے نے سب کر حیران کردیا۔

مزید پڑھیں: بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں

اتوار کو سابق وزیرِاعظم چوہدری شجاعت حسین، سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر رہنماؤں نے جاتی امرا میں نواز شریف سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کا وفد پارٹی کے صدر اور سابق وزیرِاعظم چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں جاتی امرا پہنچا۔

ان کے ہمراہ چوہدری مونس الٰہی، چوہدری راسخ الٰہی، چوہدری شافع حسین، چوہدری سالک حسین اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

چوہدری خاندان کے افراد نے نواز شریف سے ملاقات کی اور بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور ان سے دلی تعزیت کی۔

تعزیت کے موقع پر مرحومہ کی درجات بلندی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

بعدِ ازاں سابق صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پارٹی چیئرمین اور صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ جاتی عمرہ پہنچے۔

یہ بھی دیکھیں: بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کی اور ان سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت بھی کی۔

سابق صدرِ مملکت نے نواز شریف کی اہلیہ کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بلا شبہ بیگم کلثوم نواز ایک نڈر اور بہادر خاتون تھیں‘۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور ملک کے لیے ان کی جد و جہد کو پورا ملک یاد کر رہا ہے اور کرتا رہے گا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، اور نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے غم میں وہ اور ان کی جماعت برابر کی شریک ہے۔

اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے سب سے زیادہ تکلیف اس بات کی ہے کہ ’میں اپنی بیمار بیگم کے آخری وقت میں اس کے ساتھ نہیں تھا‘۔

انہوں نے آصف علی زرداری کی قیادت میں آنے والے پیپلز پارٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اس تکلیف دہ وقت میں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کا وفد بیگم کلثوم نواز کی نمازِ جنازہ میں بھی شریک ہوا، اور آج بھی پارٹی کے پورے خاندان کے ہمراہ چل کر آئے، جس کے لیے ان کا شکر گزار ہوں‘

وزیرِاعظم آزاد کشمیر اور دیگر رہنماؤں کی جاتی عمرہ آمد

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی عمرہ پہنچے اور ان سے ان کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا۔

سینیٹر مشاہد حسین سید اور رانا تنویر بھی جاتی عمرہ پہنچے اور نواز شریف سے ملاقات کی۔

رانا تنویر اور مشاہد حسین سید نے ملے جلے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز نے جمہوریت کے لیے تاریخی کام کیا۔

اس موقع پر رانا تنویر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پیرول کی درخواست نہیں کی، تاہم امید ہے کہ حکومت خود ہی انسانی بنیادوں پر اسے بڑھا دے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایک جھوٹے کیس میں سزا سنائی گئی، تاہم انہیں رہائی ملنی چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Naim Sep 17, 2018 02:12pm
It makes sick when I see Nawaz Sharif and Zardari sitting together, the damage they both have done to people’s lives in Pakistan.