سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے اور حالیہ آپریشن میں ایک اور کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں ٹرال کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔

اتوار کی صبح ٹرال کے علاقے اریپال میں ہونے والے سرچ آپریشن میں بھارتی فوج نے علاقے کا گھیراؤ کیا اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا بڑا آپریشن، گھر گھر تلاشی

بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران گھروں کو بھی گرا دیا جبکہ اس دوران نہتے کشمیری نوجوانوں کی مزاحمت پر بھارتی فوج نے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے، جس سے ایک کشمیری نوجوان جاں بحق ہوا۔

خیال رہے کہ دو روز قبل بھارتی فورسز کی جانب سے جاری سرچ آپریشن میں ضلع باندی پورہ کے علاقے میں 2 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے سے دو نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔

بھارت نے کشمیر کو خوفناک جنگ کا میدان بنا دیا ہے، سید علی گیلانی

دوسری جانب سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کے ریاستی جبر نے کشمیر کو ایک خوفناک جنگ کا میدان بنا دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی ایک اور رپورٹ کے مطابق حریت رہنما نے کہا کہ دہائیوں سے جاری مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ضدی سوچ نے اسے ایک خوفناک جنگ کے میدان میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا کہ ’ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انصاف دلانے کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے پر امن حل میں بھارت کے ضدی اور تکبرانہ رویے سب سے بڑی رکاوٹ ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری روازنہ کربلا جیسے حالات کا سامنا کرتے ہیں، سید علی گیلانی

انہوں نے کہا کہ ’حق خود ارادیت کوئی گناہ نہیں ہے، خاص طور پر ایسی جگہ جہاں لوگ نرم طبیعت اور پرامن سوچ کی ایک تاریخ رکھتے ہیں‘۔

سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ جب کشمیری حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں تو ان پر گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس کا استعمال کیا جاتا ہے اور انہیں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں چھوڑ دیا جاتا ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے پر زور دیا کہ حق خود ارادیت اور دہشت گردی میں فرق کو سمجھا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں