روایات سے ہٹ کر منفرد کہانی پر مشتمل پاکستانی ڈرامہ

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2018
ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ
ڈرامے کو ناظرین کی جانب سے بہت سراہا جا رہا ہے—اسکرین شاٹ

پاکستانی ڈراموں میں آپ نے اکثر خواتین کو مشکلات کا شکار دیکھا ہوگا جبکہ مردوں کو عام طور پر دوسروں پر غالب رہنے یا کسی لڑکی کے پیچھے گھومتے ہی دکھایا جاتا ہے، تاہم ایک نیا ڈرامہ ان تمام روایات سے ہٹ کر منفرد کہانی کو بیان کررہا ہے۔

'بابا جانی' نامی ڈرامے کے آغاز کو 2 ہفتے ہی ہوئے ہیں، مگر اس کی کہانی ان لوگوں کو ضرور پسند آئے گی جو روایتی ڈراموں کو دیکھ دیکھ کر بیزار ہوچکے ہیں۔

معروف اداکار فیصل قریشی کی پروڈکشن کمپنی نے اس ڈرامے کو تیار کیا ہے جو ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کرتا ہے جو اپنی ذمہ داریوں کو ہر صورت پورا کرنے کے لیے جدوجہد کررہا ہے۔

مزید پڑھیں : فیصل قریشی کا نیا ڈرامہ کیسا ہوگا؟

فیصل قریشی اس ڈرامے میں اسفند نامی شخص کا کردار ادا کررہے ہیں، جس کی ایک بڑی اور 2 چھوٹی بہنیں ہیں، جن کے مطالبات پورے کرنا اس کی زندگی کو مشکل بناتا ہے۔

ڈرامے میں صبا حمید (نجیبا) بڑی بہن ، جبکہ جنان حسین (نائلہ) اور عدیلہ خان (نبیلہ) نے فیصل قریشی کی چھوٹی بہنوں کے کردار ادا کیے ہیں۔

ڈرامے میں فیصل قریشی کی محبت اور ان کی کزن مہوش کا کردار فریال محمود نے ادا کیا ہے، جس کی ان سے منگنی بھی ہوجاتی ہے، مگر بعد ازاں ان کی یہ رشتہ ہی ختم کروا دیتی ہے، جس کا علم اسفند کو بھی ہوجاتا ہے۔

View this post on Instagram

Starting #tonigh #babajani #geotvdrama

A post shared by Faysal Qureshi🇵🇰 (@faysalquraishi) on

جس پر وہ مہوش کو الوداعی پیغام بھیجتا ہے جو کہ بامقصد ہونے کے ساتھ روایتی ڈراموں سے کافی ہٹ کر ہے۔

دوسری جانب سویرا ندیم کو ایک بیوہ سعدیہ کے روپ میں دکھایا گیا ہے جبکہ مدیحہ امام نے ان کی بیٹی نمرہ کا کردار ادا کیا ہے۔

اسفند جب پہلی بار نمرہ کو دیکھتا ہے (وہ نمرہ کے لیے رشتہ لے کر جاتا ہے)، تو وہ اسے انتہائی کم عمر ہونے کے باعث اپنی چھوٹی بہن کی طرح لگتی ہے،جس کے بعد وہ اس کے سر پر ہاتھ رکھ کر چلاجاتا ہے اور اسے مضبوط چھت فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کرتا ہے۔

ڈرامے کی کہانی اور اداکاروں کی کردار نگاری اب تک بہترین رہی ہے اور دیکھنے والے کی توجہ ہٹ نہیں پاتی، خصوصاً فیصل قریشی کا کردار اب تک اس ڈرامے کا سب سے بہترین عنصر رہا ہے۔

کہانی کا پلاٹ بنیادی طور پر سوتیلے باپ اور بیٹی کے رشتے کے درمیان گھومے گا، کیونکہ معاشرہ اسے قبول نہیں کرتا اور مشکلات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان ٹیلی وژن کے یادگار ڈرامے

ڈرامے کے آغاز سے قبل ڈان کو ایک انٹرویو کے دوران فیصل قریشی نے بتایا تھا کہ اسفند کی شادی سویرا ندیم کے کردار سے ہوجاتی ہے اور کہانی اسفند، فریال اور مدیحہ کے کرداروں کے گرد گھومتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'بابا جانی' نامی ڈرامہ لو اسٹوری نہیں بلکہ یہ خاندان کے گرد گھومنے والی کہانی ہے جس کی کہانی بہت زیادہ ڈرامائی ہوگی۔

اس ڈرامے کو فائزہ افتخار نے تحریر جبکہ علی فیضان نے ڈائریکٹ کیا ہے، جو کہ جیو انٹرٹینمنٹ پر دکھایا جارہا ہے اور اس کی اب تک 3 اقساط نشر ہوچکی ہیں۔

یہ ڈراما ہفتے کی شب 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں