تو آپ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ آپ کا بچہ بالآخر ڈائپرز کو خیرباد کہنے اور ٹوائلٹ خود استعمال کرنے کے قابل ہوچکا ہے؟ مبارک ہو۔ اب اگلا کام انہیں اس کام کی تربیت دینا ہے جو نہایت اہم کام ہے۔ اس پورے مرحلے میں بچے کئی بار غلطیاں کریں گے مگر ان آسان طریقوں پر عمل کرکے آپ صرف 3 دن میں انہیں اس کام کے لیے پوری طرح تیار کرسکتے ہیں۔

کیا آپ کا بچہ تیار ہے؟

ان کی تربیت شروع کرنے سے پہلے بچوں کو ٹوائلٹ سے آشنا کروائیں۔ انہیں اپنے ساتھ ٹوائلٹ لے کر جائیں اور انہیں دکھائیں کہ یہ کام کس طرح کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر بچے ٹوائلٹ کے طور طریقے سیکھنے کے لیے کافی پُرجوش ہوتے ہیں۔ انہیں ٹوائلٹ فلش کرنا اور ہاتھ دھونا وغیرہ پہلے سکھائیں۔

ویک اینڈ کا انتخاب کریں

اگر آپ ملازمت پیشہ والدین ہیں تو ویک اینڈ بمعہ ایک چھٹی کا انتخاب کریں کیوں کہ اس سے آپ کو لگاتار 3 دن تک اپنے بچے کے ساتھ رہنے اور انہیں تربیت دینے کا موقع مل جائے۔

مزید پڑھیے: بچوں کو نظم و ضبط اور آداب سکھانے کے آسان ترین طریقے

سامان کی خریداری

جب آپ کے بچے تیاری کی علامات ظاہر کریں تو انہیں اسٹور لے جائیں اور انہیں انڈر ویئرز دلوائیں۔ کارٹون کرداروں والی انڈرویئرز بچوں کو خاص طور پر پسند ہوتی ہیں اس لیے ان کا انتخاب کریں۔

آخری ڈائپر سے پہلے

اپنے بچے کے آخری چند ڈائپر گن کر الگ کرلیں اور انہیں بتائیں کہ ان کے ختم ہونے کے بعد ان کی ٹوائلٹ ٹریننگ شروع ہوگی۔ ان کی تربیت کے مرحلے کے بارے میں ان کا دھیان رکھنے والے گھر کے دیگر افراد مثلاً آیا اور رشتے داروں سے بھی بات کریں۔ اگر آپ ذمہ داری شیئر کریں گے تو آپ کا بچہ سیکھے گا کہ اسے ٹوائلٹ صرف کسی خاص صورتحال میں یا کسی خاص شخص کے آس پاس موجود ہوتے ہوئے بھی نہیں بلکہ ہر وقت استعمال کرنا ہے۔

پہلا دن

جیسے ہی آپ کا بچہ اٹھے تو اس کا ڈائپر ہٹا دیں۔ اب اپنے بچے کو پہلے دن بغیر انڈرویئر یا ڈائپر کے چھوڑ دیں۔ اس طرح بچے کو احساس ہوگا کہ اسے ٹوائلٹ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

اگر ضرورت سمجھیں تو گھر کے کسی کونے میں پورٹ ایبل ٹوائلٹ رکھ دیں ورنہ یہ کام ٹوائلٹ میں بھی کیا جاسکتا ہے۔ اپنے بچے کو دودھ، جوس یا پانی کا بڑا گلاس دیں تاکہ انہیں بار بار پیشاب آئے۔ اپنے بچے کو پیشاب یا پاخانہ آنے کی علامات پر نظر رکھیں۔

جیسے ہی علامت نظر آئے تو انہیں فوراً ٹوائلٹ لے جائیں۔ یقینی بنائیں کہ آپ کا بچہ ہر کوشش کے بعد اپنے ہاتھ دھوئے۔ اگر آپ کا بچہ ٹوائلٹ خود استعمال کرنے کی کوشش نہیں کرتا تو اسے مخصوص وقفے کے بعد دوبارہ کوشش کرنے کے لیے کہیں۔ بچے کو کھانے سے پہلے، سونے سے پہلے اور سونے کے بعد ٹوائلٹ استعمال کرنے کی عادت ڈالیں۔

ایسے جملوں کا استعمال کریں جس سے آپ کے بچوں کو اندازہ ہو کہ انہوں نے کیا صحیح اور کیا غلط کیا ہے، مثلاً اگر وہ فرش پر پیشاب کردیں تو کہیں، ’ارے آپ نے فرش پر پیشاب کردیا، میں صاف کردیتی ہوں۔‘ اس سے بچوں کو اندازہ ہوگا کہ فرش پر پیشاب کرنا ٹھیک بات نہیں ہے۔

مزید پڑھیے: بچوں کو ٹیکنالوجی سے دور رکھنے کے خواہشمند والدین خود پہل کریں

دوسرا اور تیسرا دن

دوسرے اور تیسرے دن بھی معمول تقریباً پہلے دن جیسا ہی ہوگا۔ کچھ لوگ تیسرے دن سارا وقت گھر میں گزارتے ہیں تاکہ بچوں کے ذہن میں یہ تربیت پختہ ہوجائے، کچھ لوگ اس دن باہر نکل جاتے ہیں۔ اگر آپ باہر جائیں تو اپنے ساتھ ایک پورٹ ایبل ٹوائلٹ لے جائیں۔ اگر بچے اپنے کپڑوں میں پیشاب یا پاخانہ کردیں تو انہیں ڈانٹنے کے بجائے صرف یہ کہیں کہ ہم پیشاب یا پاخانہ ٹوائلٹ میں کرتے ہیں۔

تصویر شٹراسٹاک
تصویر شٹراسٹاک

سونے سے پہلے

کیا آپ کو ان 3 دنوں میں سونے سے پہلے بچوں کو ڈائپر پہنانا چاہیے؟ یہ مکمل طور پر آپ پر منحصر ہے۔ کچھ لوگ ایک ساتھ ہی پورے دن اور رات سونے سے پہلے ٹوائلٹ استعمال کرنے کی تربیت دیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ مرحلہ وار ایسا کرتے ہیں۔ اگر آپ شروع کے کچھ دن بچوں کو رات میں ڈائپر پہنانا بھی چاہیں تو کوئی حرج نہیں۔

کچھ مددگار مشورے

  • گھر سے باہر نکلنے سے پہلے اور منزل پر پہنچنے کے فوراً بعد بچوں کو ٹوائلٹ استعمال کروائیں۔

  • بچوں کے لیے کپڑوں اور انڈرویئرز کی کئی جوڑیاں ساتھ رکھیں۔

  • اگر بچے کچھ غلط کردیں تو انہیں ڈانٹنا ان کی پیش رفت کو روک سکتا ہے اور ٹوائلٹ سے متعلق منفی جذبات ان کے ذہن میں پختہ کرسکتا ہے۔ چنانچہ اپنے بچے کو ڈانٹنے کے بجائے ان سے پیار سے پیش آئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں