اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو میڈیا ریٹنگ کمپنیوں کو رجسٹر کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے میڈیا لاجک کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے پیمرا کو میڈیا ریٹنگ کمپنیوں کو رجسٹر کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

حکم نامے میں عدالت نے پیمرا کو رجسٹریشن کا طریقہ کار واضع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی مارننگ شوز کے ساتھ آخر مسئلہ کیا ہے

سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ جو کمپنی رجسٹریشن نہیں کرائے گی اسے رجسٹر نہ ہونے تک بند کیا جائے۔

عدالت کے تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ ریٹنگ کمپنی پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن (پی بی اے) یا کسی اور ادارے کو براہ راست ریٹنگ نہیں دیں گی۔

فیصلے کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر ریٹنگ کمپنی فوری طور پر بند کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اشتہارات دینے والی کمپنیاں کسی بھی چینل کو اشتہار دینے میں آزاد ہیں، تمام 6 ریٹنگ ایجنسیاں پیمرا کو روزانہ ریٹنگ دینے کی پابند ہوں گی۔

سپریم کورٹ نے پیمرا کو ہدایت کی کہ پیمرا کمپنیوں کی ریٹنگ کو روزانہ ویب سائٹ پر آویزاں کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت نے میڈیالاجک کو پھر ریٹنگ جاری کرنے سے روک دیا

عدالت کا کہنا تھا کہ ریٹنگ کی بنیاد پر ایڈورٹائزر کسی کو بھی اشتہار دینے میں آزاد ہوگا۔

عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ پی بی اے کے ممبران ریٹنگ سے متعلق کسی بھی فورم کا حصہ نہیں ہوں گے اور جو براڈ کاسٹر پی بی اے کے ممبر نہیں ہوں گے وہ بھی ریٹنگ کے اہل ہوں گے۔

فیصلے نے میڈیا لاجک کو ریٹنگ جاری کرنے کی اجازت بھی دے دی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 16 اگست کو چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے میڈیا لاجک کو ریٹنگ جاری کرنے سے روک دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں