پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے لیے تمام 6 ٹیموں کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔

پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل ایونٹ کی سرگرمیوں میں مزید شہروں کو شامل کرنے کی غرض سے لاہور سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل سمیت 8 میچ پاکستان میں رکھے گئے ہیں جو کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ اسلام آباد پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کی میزبانی کرنے والا دوسرا شہر بن گیا ہے۔

اس سے قبل پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ لاہور میں ہوئی تھی۔

ڈرافٹنگ کے عمل سے قبل پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو 13 نومبر تک برقرار رکھ سکیں گی اور 12 نومبر کے بعد یہ موقع ختم ہوجائے گا۔

پی ایس ایل کے رواں سیزن کے قواعد و ضوابط کے مطابق ہر ٹیم کم ازکم 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھ سکتی ہے۔

ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے سرفہرست کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ولیئرز، اسٹیواسمتھ، کیرون پولارڈ، کولن منرو، شین واٹسن، سنیل نرائن، کرس لین اور ڈیرن سیمی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ کے گزشتہ سیزن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو رواں سیزن کے لیے برقرار رکھنے کے علاوہ تبادلہ یا ڈرافٹ کے لیے بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان سپرلیگ کا آغاز 14 فروری 2019 کو ہوگا جہاں گزشتہ برس کی ہی 6 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز چاروں صوبوں سمیت اسلام آباد پر مشتمل 5 ٹیموں سے ہوا تھا لیکن گزشتہ برس ملتان سلطان کا اضافہ کیا گیا تھا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلا چمپیئن بنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد دوسرا سیزن پشاور زلمی کے نام رہا تاہم تیسرے ٹورنامنٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دوبارہ چمپیئن بن گئی اور اب اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں