پوسٹ مارٹم کے لیے بیٹی کی لاش اٹھا کر 8 کلومیٹر پیدل سفر

19 اکتوبر 2018
بھارتی شہری اپنی 7 سالہ بیٹی کی لاش اٹھائے ہسپتال جارہا ہے — فوٹو بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
بھارتی شہری اپنی 7 سالہ بیٹی کی لاش اٹھائے ہسپتال جارہا ہے — فوٹو بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

بھارت کی ریاست اڑیسہ میں ایک شخص نے پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے اپنی بیٹی کی لاش اٹھا کر 8 کلومیٹر پیدل سفر کیا۔

ٹائمز آف انڈیا نے مقامی میڈیا کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 7 سالہ لڑکی اڑیسہ کے ضلع گاجاپتی میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی تھی۔

بابیتا نامی لڑکی کی لاش کندھے پر اٹھا کر 8 کلومیٹر پیدل سفر کرنے والا شخص موکند دورہ ضلع گاجاپتی کے گاؤں اتانکپور کا رہائشی ہے۔

خیال رہے کہ لڑکی ریاست میں آنے والے حالیہ طوفان میں لاپتہ ہوگئی تھی جبکہ ریاست کی حکومت نے لڑکی کو پنجائیت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات پر مردہ قرار دے دیا تھا جبکہ اس کی لاش اس وقت تک نہیں ملی تھی۔

لڑکی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی 11 اکتوبر کو لاپتہ ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: ہندوستان: اہلیہ کی لاش اٹھا کر 10 کلومیٹر کا پیدل سفر

خصوصی ریلیف کمیشنر آفس کے عہدیدار نے بتایا کہ 'طوفان، شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے لڑکی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر لاپتہ ہوگئی تھی'۔

مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موکند دورہ نے بیٹی کی لاش کانپور کے سرکاری ہسپتال منتقل کرنے کے لیے 8 کلومیٹر پیدل سفر کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بیٹی کی لاش نالے کے قریب سے ملی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی جنہوں گاؤں میں آکر لاش کی تصاویر لیں'۔

والد نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے بیٹی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کرنے کے اقدامات نہ کیے جانے پر انہوں نے لاش خود پیدل ہسپتال منتقل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس والوں نے ہم سے لاش ہسپتال منتقل کرنے کے لیے کہا تھا، 'میں ایک غریب آدمی ہوں گاؤں سے لاش کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے میرے پاس گاڑی حاصل کرنے کے وسائل نہیں تھے جبکہ طوفان کی وجہ سے گاؤں کی سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں، اس لیے میں نے لاش کو ایک بیگ میں ڈالا اور کندھے پر اٹھا کر ہسپتال منتقل کیا'۔

ضلع کے کلیکٹر انوپام شاہ کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، 'میں الزامات سے واقف ہوں اور معاملے کی سچائی جاننے کی کوشش کررہا ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: 6 سالہ لڑکی کا 'ریپ'، لاش اسکول کے ٹوائلٹ سے برآمد

اس سے قبل اگست 2016 میں ہندوستان کی ریاست اڑیسہ میں غربت کے باعث ایک شخص نے اپنی اہلیہ کی لاش کو مجبوراً 10 کلومیٹر تک کندھے پر اٹھائے پیدل سفر طے کیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق افسوس ناک واقعہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک ہندوستان کی ریاست اڑیسہ کے علاقے بھاوانی پٹنا میں پیش آیا تھا جہاں پر ماجہی نامی ایک مقامی شخص نے غربت کے باعث اپنی اہلیہ امانگ دیس کی لاش کو ہسپتال سے گاؤں منتقل کرنے کیلئے اسے کندھے پر اٹھایا اور 10 کلومیٹر کا پیدل سفر طے کیا جبکہ اس موقع پر 12 سالہ بیٹی بھی اس کے ہمراہ تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں