کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 10 روز کی حفاظتی ضمانت مل گئی

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2018
کیپٹن (ر) محمد صفدر — فوٹو، فائل
کیپٹن (ر) محمد صفدر — فوٹو، فائل

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت مل گئی۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر نے حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کروائی، جس میں انہوں نے عدالت کو بتایا کہ نیب خیبرپختونخوا نے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہوا ہے۔

انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے جاری طلبی کے نوٹس میں کیس کا ذکر نہیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ انہیں کس کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

کیپٹن (ر) محمد صفدر نے درخواست میں اپنی گرفتاری کے خدشے کا اظہار کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ معزز عدالت ان کے عدالتی حفاظتی ضمانت منظور کرنے کا حکم دیتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روکے۔

مزید پڑھیں: کیپٹن (ر) صفدر کو دل کی تکلیف، ہسپتال منتقل

نواز شریف کے داماد کی درخواست منظور کرلی گئی جس کی سماعت کچھ ہی دیر بعد جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر کے وکیل نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو طلبی کا نوٹس موصول نہیں ہوا، جبکہ ڈی پی او مانسہرہ نے 18 اکتوبر کو لاہور میں نوٹس بھیجا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کی طبعیت ناساز ہے جس کی تفصیلات درخواست کے ساتھ لف کی گئی ہیں، تاہم ان کی 20 روز کے لیے عدالتی ضمانت منظور کی جائے۔

جسٹس علی باقر نجفی نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کی درخواست پر ان کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کا وزارتِ داخلہ کو خط، نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 5، 5 لاکھ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔

یاد رہے کہ 6 جولائی کو شریف خاندان کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی۔

19 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے احتساب عدالت کی جانب سے سزا دینے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تینوں ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

رہائی ملنے کے بعد سے لیکر اب تک کیپٹن (ر) محمد صفدر اپنی اہلیہ کے ہمراہ لاہور میں ہی مقیم ہیں جبکہ ان کے بارے میں اس قبل بھی یہ اطلاعات آئیں تھیں کہ ان کی طبیعت بہتر نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں