کوئٹہ کے نواحی علاقے کلی شابو میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 4 بچے زخمی ہوگئے۔

نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے کلی شابو میں واقع ایک نجی اسکول کے باہر اس وقت فائرنگ کی جب بچے اسکول کے گیٹ سے نکل رہے تھے۔

زخمی بچوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ گولیاں بچوں کی ٹانگوں میں لگیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

فائرنگ کے بعد پولیس، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہچ شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ: پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، دوسرا زخمی

فائرنگ میں زخمی ہونے والے بچوں میں 10 سالہ نسیمہ، 12 سالہ گل محمد، 9 سالہ سلمان اور 10 سالہ مسعود اظہر شامل ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ میر سلیم کھوسہ نے کلی شابو میں اسکول پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن کو کسی صورت خراب ہونے نہیں دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں