جہاز سے لٹک کر شوٹنگ کے دوران معروف گلوکار گر کر ہلاک

24 اکتوبر 2018
گلوکار نے چند دن قبل گانے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی تھی—اسکرین شاٹ
گلوکار نے چند دن قبل گانے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی تھی—اسکرین شاٹ

اگرچہ خطرناک سین صرف ہارر اور ایکشن فلموں میں ہی فلمائے جاتے ہیں، تاہم حالیہ دور میں ایک دوسرے سے بازی لے جانے اور شہرت حاصل کرنے کے لیے اب ہر کوئی خطرناک اسٹنٹ کرتے دکھائی دیتا ہے۔

جہاں اب اداکار خود خطرناک اسٹنٹ کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، جرمنی اور آسٹریلیا جیسے ممالک کے گلوکار بھی اپنے گانوں کی ویڈیوز میں خطرناک کرتب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

اگرچہ ماضی میں خطرناک سین کی شوٹنگ اور کرتبوں کے لیے ماہر اسٹنٹ کی خدمات لی جاتی تھیں، تاہم اب یہ کام ہرکوئی خود کرتا دکھائی دیتا ہے اور اس میں کئی اداکار اور گلوکار بعض مرتبہ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تاہم کینیڈا کے ایک معروف گلوکار کو اپنے گانے کی ویڈیو کے لیے خطرناک کرتب کرنا مہنگا پڑ گیا اور وہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

جی ہاں، کینیڈا کے معروف پاپ گلوکار 34 سالہ جان جیمز میک مری گانے کی شوٹنگ کے دوران جہاز سے لٹک کر کرتب دکھانے کی کوشش کے دوران گر کر ہلاک ہوگئے۔

’انڈپینڈنٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق جان جیمز میک مری کو جہاز کے پروں پر خطرناک پرفارمنس کرنی تھی، جس کے لیے انہوں نے کئی ماہ تک تربیت بھی حاصل کی، تاہم انہیں تربیت بھی بچا نہ سکی۔

رپورٹ کے مطابق جان جیمز میک مری 20 اکتوبر کو اپنے گانے کی شوٹنگ کے دوران جہاز کے پر پر کرتب دکھانے کے دوران توازن کھو بیٹھے اور گر پڑے۔

گلوکار کی ٹیم کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ جہاز سے گرنے کے فوری بعد جان جیمز میک مری ہلاک ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ گلوکار گر کر ہلاک ہوگئے اورواقعے کے رونما ہونے پر جہاز کا پائلٹ بھی ششدر رہ گیا، تاہم انہوں نے جہاز خیریت سے اتار لیا۔

جان جیمز میک مری کینیڈا کے صوبے البرٹا میں پیدا ہوئے اور انہوں اسکیٹنگ سے کیریئر کا آغاز کیا، تاہم اس میں بھی چوٹیں لگنے کے بعد انہوں نے اس پروفیشن کو خیرباد کہ دیا۔

بعد ازاں انہوں نے گلوکاری میں قسمت آزمائی اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت حاصل کرلی۔

جان جیمز میک مری گزشتہ چند ہفتوں سے گانوں کی شوٹنگ میں مصروف تھے، انہوں نے چند دن قبل ہی اسی گانے سے متعلق ایک ویڈیو انستاگرام پر جاری کی تھی، جس میں انہیں خطرناک اسٹنٹ کرتے دکھایا گیا تھا۔

جان جیمز میک مری نوجوانوں اور خصوصی طور پر لڑکیوں میں بہت مشہور تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں