بھارتی تاجر کا ملازمین کو دیوالی پر 600 گاڑیوں کا تحفہ

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2018
— فوٹو : پریس ٹرسٹ آف انڈیا
— فوٹو : پریس ٹرسٹ آف انڈیا

بھارت میں ہیروں کے بیوپاری نے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر کمپنی کے 6 سو ملازمین کو بونس میں گاڑیاں دینے کا اعلان کیا ہے۔

ساوجی ڈھولکیا بھارتی شہر سورت میں ہیروں کا کاروبار کرتے ہیں اور ہری کرشنا ایکسپورٹرز کمپنی کے مالک ہیں۔

فنانشل ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی تاجر کی جانب سے یہ گاڑیاں ایک تقریب میں دی جائیں گی جہاں کمپنی کی دو خواتین وزیراعظم نریندر مودی سے گاڑی کی چابی لینے کا اعزاز حاصل کریں گی۔

تقریب سورت میں منعقد کی جائے گی جہاں بعض ملازمین کو فلیٹس اور فکسڈ ڈپازٹ بھی دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں : ملازمین کو سینکڑوں گاڑیاں اور اپارٹمنٹس کا 'تحفہ'

انڈین ایکسپریس کے مطابق ڈائمنڈ پالش کرنے والے ملازمین کو ماروتی سوزوکی آلٹو اور ماروتی سوزوکی سیلیریو گاڑیاں دی جائیں گی۔

ساوجی ڈھولکیا اپنے ملازمین کو مہنگے تحائف دینے کی وجہ سے کافی مقبول ہیں اور اب تک کمپنی کے 5 ہزار 5 سو ملازمین میں سے تقریباً 4 ہزار ملازمین کو دیوالی بونس میں مختلف تحائف دے چکے ہیں۔

حالیہ اعلان سے متعلق ساوجی ڈھولکیا کا کہنا تھا کہ رواں برس کمپنی نے ایک ہزار 6 سو ڈائمنڈ پالیشرز کو منتخب کیا ہے جنہوں نے بہترین کارکردگی سے کمپنی کی ترقی میں اضافہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ ہم انہیں سہولیات دینا چاہتے ہیں‘، لیکن جو ملازمین گاڑی لینے میں دلچسپی رکھتے تھے انہیں گاڑی دی جائے جبکہ دیگر افراد کو فلیٹس اور فکسڈ ڈپازٹ دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ ملازمین کی حوصلہ افزائی کرنے کی ایک کوشش ہے تاکہ وہ مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی دکھائیں‘۔

وزیراعظم نریندر مودی سے گاڑی کی چابی حاصل کرنے والی دو خواتین دہلی پہنچ گئیں جنہیں ایک شاندار تقریب کے دوران گاڑیوں کی چابیاں دی جائیں گی۔

ان میں سے ایک خاتون جسمانی معذوری کا شکار ہیں اور کمپنی کے پلاننگ ڈپارٹمنٹ میں اپنی خدمات سرانجام دیتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا کے مختلف ممالک میں دیوالی کے دیے روشن

رواں برس کے آغاز میں ساؤجی ڈھولکیا نے کمپنی کے 25 سال مکمل ہونے پر اپنے ملازمین کو 3 کروڑ روپے مالیت کی 3 مرسڈیز بینز جی ایل ایس تحفے میں دی تھیں۔

اس وقت سورت میں ایک مرسڈیز بینز جی ایل ایس 350 ڈی کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے تھی۔

ساوجی ڈھولکیا نے 2017 میں سالِ نو کے موقع پر ملازمین کو ڈیٹسن ریڈی گو کے 12 یونٹس کا تحفہ دیا تھا۔

واضح رہے کہ 2016 میں ساوجی ڈھولیکیا نے ملازمین کو 51 کروڑ روپے دیوالی بونس میں دیے جانے کے اعلان سے خبروں میں جگہ بنائی تھی، انہوں نے ملازمین میں ایک ہزار 2 سو 60 گاڑیاں اور 4 سو فلیٹ بھی دیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں