ملازمین کو سینکڑوں گاڑیاں اور اپارٹمنٹس کا 'تحفہ'

28 اکتوبر 2016
— فوٹو بشکریہ شیوجی فیس بک پیج
— فوٹو بشکریہ شیوجی فیس بک پیج

دنیا بھر میں اکثر کمپنیاں اپنے ملازمین کو تہواروں پر کچھ بونس دیتی ہیں اور مالی حالات خراب ہوتے ہی انہیں فارغ کرنے سے بھی گریز نہیں کرتیں، مگر بھارت میں ایک شخص نے دیوالی کے موقع پر اپنے ملازمین میں سینکڑوں گاڑیاں تحفے کے طور پر تقسیم کردیں۔

ہیروں کی تجارت کرنے والی شیوجی ڈھولکیہ گجرات میں ایک کمپنی چلاتے ہیں اور انہوں نے 1260 گاڑیاں، 460 اپارٹمنٹس اور کچھ زیورات اپنے ملازمین کو تحفے کے طور پر دیئے۔

یہ کمپنی 75 ممالک میں ہیروں کی برآمد کا کام کرتی ہے۔

دیوالی کے موقع پر شیو جی ڈھولکیہ نے 50 کروڑ بھارتی روپے (78 کروڑ پاکستانی روپوں سے زیادہ) ان تحائف پر خرچ کیے جوں کمپنی کے ساڑھے پانچ ہزار افراد میں تقسیم کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا ' ہمارا مقصد ہر ملازم کو آئندہ پانچ برسوں میں اپنے گھر اور گاڑی کا مالک بنانا ہے، تو اسی لیے ہم نے تحفے میں گاڑیاں، گھر اور زیورات ان میں تقسیم کیے، ہم ان لوگوں کے لیے گھروں کا انتظام کررہے ہیں جن کے پاس اپنی گاڑیاں ہیں، جن کے پاس چار پہیوں کی سواری نہیں، انہیں وہ دی جائے گی'۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ انہوں نے اپنے ملازمین کو اتنا زیادہ نوازا ہو، وہ 2012 سے اپنے عملے میں مہنگے تحائف تقسیم کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں آج کل دیوالی کا تہوار منایا جارہا ہے جس میں عام طور پر ہندو برادری تحائف، مٹھائیوں کا تبادلہ اور آتشبازی کرنے میں مصروف رہتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں