’مشن پرواز‘ کے دوران فخرعالم روسی ایئرپورٹ پر زیر حراست

اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2018
ویزا ختم ہونے کے باعث اداکار کوحراست میں لے لیا گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
ویزا ختم ہونے کے باعث اداکار کوحراست میں لے لیا گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

اپنے 'مشن پرواز' پر نکلے پاکستانی گلوکار، اداکار اور میزبان فخر عالم کا ویزا ایکسپائر ہونے کی بناء پر انہیں روس کے ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔

مداحوں کو پاکستانی اداکار فیصل قریشی نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے اس خبر سے آگاہ کیا۔

اداکار نے اپنی پوسٹ میں فخر عالم کا دیا پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ فخر عالم نے ان سے درخواست کی ہے کہ وہ یہ پیغام سب کے ساتھ شیئر کردیں۔

فخر عالم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ویزا ایکسپائر ہونے کی وجہ سے مجھے روس کے یوزنو-ساکھالنسک ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا ہے، یہ لوگ مجھے واپس جاپان جانے پر مجبور کر رہے ہیں، میں جاپان نہیں جاسکتا کیونکہ میرے پاس سنگل انٹری ویزا ہے۔‘

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’میں پاکستانی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ روسی حکومت سےدرخواست کریں کہ وہ مجھے الاسکا کی جانب اپنا سفر مکمل کرنے دیں، میں مشن پرواز نہیں روکنا چاہتا، مجھے پاکستانیوں کی سپورٹ چاہیے تاکہ میں اپنے ملک کے پرجم کو اس مشن میں آگے لے کر جاؤں'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’مجھے ایک ایسے کمرے میں بند کرکے رکھا گیا ہے جہاں نہ تو وائے فائے کی سروس موجود ہے اور نہ ہی کھانے پینے کو کچھ ہے، انہوں نے مجھے 6 گھنٹوں تک اس کمرے میں رکھا، مجھے مدد چاہیے‘۔

بعدازاں پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاملے کا نوٹس لے لیا۔

یہ بھی دیکھیں: فخر عالم کا 'مشن پرواز': 28 دنوں میں 25 ممالک کا سفر

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے دیے گئے بیان میں کہا گیا کہ اداکار فخر عالم کے ویزا کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں اور متعلقہ مشن معاملے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔

روس میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ فخر عالم کے معاملے پر غور کیا جارہا ہے اور وہ روسی حکام سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ ‘مشن پرواز’ کا آغاز فخر عالم نے رواں ماہ 10 اکتوبر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے چھوٹے سے شہر ‘واٹرز’ سے کیا تھا اور وہ 16 اکتوبر کی صبح دبئی کے ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

مزید پڑھیں: فخر عالم کی ‘مشن پرواز’ کے تحت کراچی آمد

اس مشن کے تحت انہیں دنیا کے مختلف ممالک کے 32 اسٹاپس پر جانا تھا جس کا دورانیہ 28 دن پر محیط ہے۔

فخر عالم کو 3 سال قبل 2015 میں امریکا میں جہاز اڑانے کا لائسنس ملا تھا۔

اگر وہ 'مشن پرواز' میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو وہ ہوائی جہاز سے دنیا کے گرد چکر لگانے والے سب سے پہلے پاکستانی بن جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں