فخر عالم خود جہاز اڑا کر دنیا بھر کا سفر کرنے کو تیار

اپ ڈیٹ 01 اکتوبر 2018
فخر عالم 28 دنوں میں دنیا بھر کے 30 ایئرپورٹس سے جہاز اڑائیں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فخر عالم 28 دنوں میں دنیا بھر کے 30 ایئرپورٹس سے جہاز اڑائیں گے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار فخر عالم کئی مرتبہ اپنی جہاز اڑانے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں اور اب وہ اس خواہش کو پورا بھی کرنے جارہے ہیں۔

2015 میں سب سے پہلے انہوں نے اپنے اس دلچسپ خواب پر بات کی تھی جسے اب وہ پورا کرنے جارہے ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے فخر عالم کا کہنا تھا کہ ’تین سال قبل 2015 میں مجھے امریکا میں پرائیوٹ پائلٹ لائسنس ملا تھا، مجھے امید تھی کہ میں دنیا بھر کا سفر کروں گا اور پہلا پاکستانی ہوں گا جو خود جہاز اڑا کر پوری دنیا کا سفر کرے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے پہلی بار جب یہ اعلان کیا تھا تو میرے پاس جہاز اڑانے کا صرف 40 گھنٹوں کا تجربہ تھا، مجھے بعد میں پتا چلا کہ یہ کتنا مشکل کام ہے‘۔

تاہم انہوں نے ہر مشکل کو پار کرتے ہوئے اپنا خواب پورا کرلیا۔

فخر عالم نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس ایڈونچر کے لیے کافی تیاری کررکھی ہے، جبکہ حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ میں نے 28 دنوں میں دنیا بھر میں گھومنے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس منصوبے کا نام ’مشن پرواز‘ رکھا گیا ہے، اس سفر کے دوران میں دنیا بھر کے 30 ایئرپورٹس سے جہاز اڑاؤں گا‘۔

انہوں نے کہا کہ تین سال قبل بھی مشن پرواز پاکستانی عوام کے لیے ہی تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں