ریسلنگ رنگ میں لڑنے کے بجائے ڈانس کرنا راکھی ساونت کو مہنگا پڑ گیا

12 نومبر 2018
خاتون ریسلر نے راکھی ساونت کو زور سے زمین پر پٹخ دیا—اسکرین شاٹ
خاتون ریسلر نے راکھی ساونت کو زور سے زمین پر پٹخ دیا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ اسکینڈل کوئین راکھی ساونت یوں تو ان دنوں اداکارہ تنوشری دتہ پر ریپ اور جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگانے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

گزشتہ ماہ راکھی ساونت نے سابق مس انڈیا تنوشری دتہ پر الزام عائد کیا تھا کہ اداکارہ نے ان کا ریپ کیا تھا۔

تنوشری دتہ اور راکھی ساونت کے درمیان الزامات کی یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی، جب رواں برس 26 ستمبر کو تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

بعد ازاں اگرچہ نانا پاٹیکر نے بھی تنوشری دتہ کے الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم درمیان میں راکھی ساونت کود پڑی تھیں اور انہوں نے تنوشری دتہ کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں۔

بعد ازاں دونوں اداکاراؤں کے درمیان ایک دوسرے کے اوپر الزامات لگانے کی جنگ شروع ہوگئی اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف ہرجانے کے دعوے بھی دائر کیے۔

ریسلر خوشی سے رقص کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ
ریسلر خوشی سے رقص کرتی دکھائی دیں—اسکرین شاٹ

تاہم اب راکھی ساونت کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ انہیں ایک غیر ملکی ریلسر خاتون سے پنگا لینا مہنگا پڑ گیا۔

جی ہاں، راکھی ساونت نے بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر گروگرام میں ہونے والے ریسلنگ مقابلے کے دوران ایک پروفیشنل ریلسر خاتون کو ڈانس کو فائیٹ کرنے کے بجائے ڈانس کا چیلنج دیا، تاہم انہیں یہ چیلنج مہنگا پڑ گیا۔

ٹربیون انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ گروگرام کے تاؤ دیوی لال اسٹیڈیم میں کھلی کمپنی کی جانب سے منعقد کردہ ریسلنگ ایونٹ کے دوران ایک پروفیشنل ریلسر خاتون نے راکھی ساونت کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔

رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت کو ریلسر خاتون نے اس وقت زمین پر پٹخا، جب کہ اداکارہ ریسلنگ رنگ میں غیر ملکی ریسلر خاتون سے مقابلہ کرنے کے لیے آئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر ملکی ریسلر خاتون نے حریف ریلسر کو شکست دینے کے بعد اسٹیڈیم میں موجود تمام شائقین کو لڑنے کا چیلنج دیا، جسے راکھی ساونت نے قبول کرتے ہوئے ریسلنگ رنگ کا رخ کیا۔

راکھی ساونت کو اندرونی چوٹیں لگیں—اسکرین شاٹ
راکھی ساونت کو اندرونی چوٹیں لگیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق راکھی ساونت نے ریسلنگ رنگ میں داخل ہوتے ہی ریلسر خاتون کو کہا کہ وہ ریسلر نہیں بلکہ ایک ڈانسر ہیں اور وہ ان سے ڈانس میں مقابلہ کرنا چاہتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریلسر خاتون نے راکھی ساونت کا چیلنج قبول کیا اور دونوں نے ڈانس کا مقابلہ شروع کیا۔

تاہم بعد ازاں راکھی ساونت نے ریسلنگ رنگ میں ڈانس کرنے کے دوران ریسلر کو چڑاتی نظر آئیں، جس پر ریلسر کو غصہ آگیا اور انہوں نے اداکارہ کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔

آرگنائیزرز نے آکر راکھی ساونت کو ریسلنگ رنگ سے اٹھایا—اسکرین شاٹ
آرگنائیزرز نے آکر راکھی ساونت کو ریسلنگ رنگ سے اٹھایا—اسکرین شاٹ

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ریسلر خاتون نے راکھی ساونت کو زور سے زمین پر پٹخا، جس کے بعد اداکارہ زمین پر بیحال ہو کر پڑی رہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیحال راکھی ساونت کو اٹھانے کے لیے ریسلنگ ایونٹ کی آرگنائیزر خواتین رنگ میں آتی ہیں اور انہیں لے جاتی ہیں۔

ہندی ون انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راکھی ساونت کو پیٹ اور کمر میں شدید اندرونی چوٹیں لگیں، جس وجہ سے انہیں شہر کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرالیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق راکھی ساونت کو اندرونی چوٹیں لگنے کی وجہ سے درد ہے، تاہم ان کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں