’عوام کی نمائندگی نہ کرنے والی جمہوریت نہیں چل سکتی‘

18 نومبر 2018
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری خطاب کر رہے ہیں — فوٹو، ڈان نیوز
وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری خطاب کر رہے ہیں — فوٹو، ڈان نیوز

جہلم: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جو جمہوریت عوام کے بارے میں نہیں سوچے گی وہ نہیں چل سکتی۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کے چھوٹے اضلاع وسائل سے محروم رہے ہیں، جو ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن ان کے پیسے ان ہی کے پاس دوبارہ نہیں پہنچتے۔

انہوں نے کوئٹہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے اسمبلی میں کہا کہ 15 سو ارب روپیہ بلوچستان گیا لیکن پھر بھی کوئٹہ میں بہتر ہسپتال موجود نہیں ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں کہیں بھی کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو طیاروں کے ذریعے متاثرین کو کراچی منتقل کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی

جب ماضی کی حکومتوں سے اس بارے سوال کیا جاتا ہے تو وہ سر پکڑ کے بیٹھ جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں آگئی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر آپ پارلیمنٹ اور بڑے ایوانوں میں یہ چاہتے ہیں کہ خاموشی سے وقت گزرتا رہے اور کوئی کسی سے کھربوں روپے کا سوال نہ کرے تو اب ایسا نہیں ہوگا۔

انہوں نے سوال کیا جو جمہوریت عام آدمی کی ہی نمائندگی نہیں کرے گی وہ نہیں چل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے علاقوں کا بجٹ بھی بڑے شہروں میں اورنج لائن جیسے منصوبوں پر لگا دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری اپنے متنازع بیان پر ڈٹ گئے ’نوازشریف 100فیصد جیل جائیں گے‘

اپنے حریفوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جنہوں نے سیاست شروع کی تھی تو ان کے پاس سائیکل اور موٹر سائیکل تھی، لیکن اب ان کے پاس لگژری گاڑیاں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ایسے افراد سے ان کی اس دولت کے بارے میں سوال کریں گے تو ملک میں جمہوریت خطرے میں آجائے گی۔

اپنے وعدے دہراتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’ہم نے چوروں سے لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کا وعدہ کیا تھا، وہ پورا کرکے دکھائیں گے‘۔

مزید پڑھیں: ’بہتر ہوگا پی پی پی اور ن لیگ اپنا لیا ہوا قرضہ خود واپس کردیں‘

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ وفاق اور صوبوں کا خزانہ عوام تک پہنچ رہا ہے یہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان ایسا نظام چاہتے ہیں جس کے ذریعے سرکار کا پیسہ عام آدمی کی مرضی سے اس کے علاقے میں لگیں۔

اپنی بات کو واضح کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیسے کو عوام تک منتقل کرنے کا طریقہ کار صرف مضبوط بلدیاتی نظام ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں