چکن اسٹکس کی آسان ترکیب گھر پر آزمائیں

21 نومبر 2018
یہ آسان ڈش گھر پر ضرور بنائیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ
یہ آسان ڈش گھر پر ضرور بنائیں —فوٹو/ اسکرین شاٹ

چکن کا گوشت ہر گھر میں پکایا جاتا ہے، کسی کو چکن کی بریانی پسند ہے، تو کوئی چکن قورمہ شوق سے کھاتا ہے۔

بہت سے افراد تو چکن نہاری بھی بیف کی نہاری سے زیادہ پسند کرتے ہیں۔

تاہم اب لوگ ہمیشہ سے باورچی خانوں میں بننے والی ان ڈشز سے کافی بیزار ہوتے جارہے ہیں اور نئی نسل کو اپنے کھانوں میں کچھ منفرد ڈشز چاہیے۔

خاص طور پر بچے شوق سے وہی کھانا کھاتے ہیں جو انہیں دکھنے میں پسند آرہا ہو۔

ایسی ہی ایک ڈش چکن اسٹکس ہیں، جنہیں بچوں کے اسکول لنچ میں آرام سے دیا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ گھر والوں کے سامنے بھی کھانے میں یہ ڈش پیش کی جاسکتی ہے۔

اور خاص بات یہ ہے کہ بازار جیسی چکن اسٹکس گھر پر بنانا بھی نہایت آسان ہے۔

اس پکوان کی نہایت آسان ترکیب یہاں دیکھیں:

اجزاء:

چلی ساس کیلئے

پانی - ایک کپ

چینی - ¼ کپ

کٹی لال مرچ - ڈیڑھ چائے کا چمچ

نمک - ¼ چائے کا چمچ یا حسب ذائقہ

ٹماٹو کیچپ - 3 کھانے کے چمچ

کارن فلور - 2 چائے کے چمچ

اسٹکس کے لیے

چکن - سینے کا گوشت (3)

دودھ - ¼ کپ

کالی مرچ پاؤڈر - ½ چائے کا چمچ

پیاز کا پاؤڈر - ½ چائے کا چمچ

چکن پاؤڈر - ایک کھانے کا چمچ

مصالحے کے لیے

میدہ - ایک کپ

کارن فلور - ½ کپ

چکن پاؤڈر - ایک کھانے کا چمچ

پیپریکا پاؤڈر - ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ پاؤڈر - ایک چائے کا چمچ

نمک - حسب ذائقہ

پانی - ½ کپ

تیل - تلنے کے لیے

مایونیز

ترکیب

چلی ساس بنائیں: ایک ساس پین میں پانی، چینی، کٹی لال مرچ اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور ابال آنے دیں۔

ٹماٹو کیچپ ڈال کر مکس کریں، ایک الگ پیالے میں پانی میں کارن فلور ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور ساس پین میں اسے ڈال کر ملائیں۔

ساس گاڑھا ہونے تک پکالیں اور الگ رکھ دیں۔

چکن اسٹکس بنائیں: چکن کو اسٹرپس کی شکل میں کاٹ لیں اور الگ رکھ دیں۔

پیالے میں دودھ، کالی مرچ پاؤڈر، پیاز کا پاؤڈر اور چکن پاؤڈر ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

اس میں چکن اسٹرپس ڈالیں اچھی طرح ملائیں اور ایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرلیں۔

الگ پیالے میں میدے، کارن فلور، چکن پاؤڈر، پیپریکا پاؤڈر، کالی مرچ پاؤڈر اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

ایک گلاس میں میدے کے اس تیار مواد کے 2 کھانے کے چمچ ڈالیں اور اس میں پانی مکس کرلیں۔

اب میرینیٹڈ چکن اسٹرپس کو اسٹکس پر لگائیں اور اس کو میدے کا کوٹ دیں، جس کے بعد میدے کے پانی میں ڈالیں اور دوبارہ میدے کا کوٹ دیں۔

بعدازاں ان اسٹکس کو تیل میں تل لیں، سنہری ہونے پر تیار چلی ساس اور مایونیز کے ساتھ پیش کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں