خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ضلع کی سیاسی انتظامیہ کے عہدیدار نے بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں نے باجوڑ کی ناواگئی تحصیل کے علاقے چارمنگ میں سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس نصب کر رکھی تھی، جو عین اس وقت پھٹی جب قریب سے گاڑی گزری۔

دھماکے سے گاڑی میں موجود دونوں امان اللہ اور گل بدین جاں بحق ہوئے جبکہ گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

پاک ۔ افغان سرحدی علاقے میں ہونے والے دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: سیکیورٹی خدشات، باجوڑ پریس کلب غیرمعینہ مدت کیلئے بند

واضح رہے کہ یہ عید میلاد النبیﷺ والے دن ہونے والا دوسرا دھماکا ہے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع چمن کی مسجد میں ریموٹ کنٹرول دھماکے کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے تھے۔

باجوڑ میں چند روز قبل بھی سڑک کنارے نصب بم کا دھماکا ہوا تھا جس میں قبائلی عمائدین زخمی ہوئے تھے۔

افغانستان کے صوبے کنڑ کے ساتھ جڑے باجوڑ کے سیکڑوں کلومیٹر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے باڑ لگانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں