پشاور: گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) فرنٹیئرکور (ایف سی) میجر جنرل راحت نسیم خان کے ہمراہ ضلع اورکزئی میں جائے حادثہ کا دورہ کیا۔

اس دوران میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں ہونے والے بم دھماکوں میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مذموم کارروائیاں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: اورکزئی میں دھماکا، 32 افراد جاں بحق، 31 زخمی

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔

اس موقع پر کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود کا کہنا تھا کہ ضلع اورکزئی میں ہونے والے دھماکے میں 12 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 23 نومبر کر کراچی میں چینی قونصل خانے اور اورکزئی میں دہشت گرد حملے ہوئے جن میں متعدد افراد مارے گئے۔

لوئر اورکزئی کے کلایا بازار میں امام بارگاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 32 افراد جاں بحق جبکہ 31 زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام، 2 پولیس اہلکار شہید

اس سے قبل اسی روز صبح کے وقت کراچی کے علاقے کلفٹن میں دہشت گردوں نے چینی قونصل خانے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جسے ناکام بنا دیا گیا تھا۔

اس حملے میں 2 پولیس اہلکار شہید، جبکہ چینی قونصل خانے میں ویزا کی غرض سے آنے والے باپ اور بیٹے نے بھی جان گنوادی تھی۔

سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بروقت کارروائی کی گئی اور حملہ کرنے والے تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں