کار یا موٹرسائیکل چلانے کے دوران تو نیند غالب آنے کے واقعات دیکھے اور سنے جاتے ہیں لیکن آسٹریلیا میں دوران پرواز پائلٹ پر ’نیند‘ طاری ہوگئی۔

دوران پرواز نیند آنے سے نجی ایئرلائن کا چارٹر طیارہ ایئرپورٹ سے تقریباً 46 کلومیٹر آگے نکل گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' کی رپورٹ کے مطابق ایئر سیفٹی حکام نے بتایا کہ نجی طیارے میں 9 مسافر سوار تھے، تاہم کاک پٹ میں پائلٹ تنہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی پرواز کو پائلٹ نے حادثے سے بچالیا

حکام نے بتایا کہ نجی ایئرلائن کا طیارہ ڈیون پورٹ سے کنگ آئی لینڈ جارہا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس دن پائلٹ نے 24 گھنٹوں کے اندر 7 فلائٹس کی تھیں۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو (اے ٹی ایس بی) نے واقعے سے متعلق تمام امور کا جائزہ لینے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب حکام نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ کاک پٹ میں نیند کے مزے لینے والے پائلٹ کی آنکھ کیسے کُھلی اور اس نے جہاز کی محفوظ لینڈنگ کیسے کرائی۔

مزید پڑھیں: پائلٹ کی چھوٹی سی غلطی نے بھارتی حکام کی دوڑیں لگوا دیں

رپورٹ کے مطابق نجی ایئرلائن کے چارٹر طیارے 'پائیپر پی اے 31' کو کُل 240 کلومیٹر کا سفر طے کرنا تھا۔

اے ٹی ایس بی نے بتایا کہ ’دوران پرواز پائلٹ پر نیند طاری ہوگئی جس کے باعث طیارہ کنگ آئی لینڈ سے تقریباً 46 کلومیٹر آگے نکل گیا‘۔

ایوی ایشن کے ماہر نیل ہنس فورڈ نے بتایا کہ آسٹریلیا میں پائلٹ کی تھکن سے متعلق انتہائی سخت قوانین موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: طیارے کے مکینک نے مسافر طیارہ اغوا کرلیا

انہوں نے کہا کہ ’دنیا میں ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ پائلٹ تھکن کے باوجود پرواز کے لیے بھیج دیا جائے‘۔

اے ٹی ایس بی نے بتایا کہ پائلٹ سے انٹرویو اور آپریٹنگ مراحل کا جائزہ لیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ اگلے برس جاری ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں