’3 سال قبل ہی شادی کےلیے تیار تھا، صرف دپیکا کا انتظار کررہا تھا‘

30 نومبر 2018
دونوں کی شادی 14 اور 15 نومبر کو منعقد ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں کی شادی 14 اور 15 نومبر کو منعقد ہوئی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور اداکارہ دپیکا پڈوکون کی شادی کو اگر رواں سال کی سب سے بڑی شادی کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا، کیوں کہ ان دونوں کی شادی کے تقریب نے جتنی توجہ حاصل کی اتنی شاید اب تک کسی اسٹار کی شادی کو نہیں ملی۔

یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کو 2013 سے جانتے ہیں جب ان کی ایک ساتھ پہلی فلم ’رام لیلا‘ سامنے آئی تھی۔

مزید پڑھیں: دپیکا کی والدہ کا استقبالیہ تقریب میں دیا تحفہ سب کی توجہ کا مرکز

دپیکا اور رنویر نے رواں ماہ 14 اور 15 نومبر کو اٹلی میں شادی کی تھی۔

شادی کے بعد سے اب تک ان دونوں کی شادی کے تین جشن منائے جاچکے ہیں، جن میں ایک بنگلور میں دپیکا کے والدین نے منایا، جبکہ دو ممبئی میں رنویر کی فیملی کی جانب سے منعقد کیے گئے۔

شادی کے بعد رنویر سنگھ نے فلم فیئر کو دیے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے دپیکا کی خواہش پر اٹلی میں شادی کی، جبکہ تمام تقریبات دپیکا کی مرضی سے ہی ہوئیں۔

یہ پڑھیں: شادی ہوتے ہی دپیکا کیمرا مین کیلئے ‘بھابی جی‘ بن گئیں

رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ ’دپیکا جو بھی خواہش رکھتی ہے میں چاہتا ہوں کہ وہ پوری ہو، یہی میری پہلی کوشش ہے، میں چاہتا تھا کہ وہ سمجھے کہ وہ کس طرح شادی کرنا چاہتی ہے، وہ جو چاہتی تھی اس ہی انداز میں ہماری شادی ہوئی، میں چاہتا ہوں وہ خوش رہے، میں بھی خوش رہوں اور میری خوشی دپیکا کی خوشی میں ہے‘۔

اداکار نے مزید کہا کہ ’سب کہتے ہیں کہ دپیکا خوش قسمت ہے کہ اس سے میری شادی ہوئی، لیکن اصل میں میں خوش قسمت ہوں، میں ہمیشہ سے جانتا تھا کہ اگر میں کسی سے شادی کروں گا تو وہ دپیکا ہوگی، یہی وہ عورت ہے جو میرے بچوں کی والدہ ہوگی، میں تین سالوں سے شادی کے حوالے سے سنجیدگی سے سوچ رہا ہوں، میں نے دپیکا سے یہی کہا تھا کہ یہ منٹ وہ طے کرے گی کہ وہ شادی کے لیے تیار ہے، ہم تب ہی شادی کریں گے‘۔

یہ بھی دیکھیں: 17 تصاویر میں دپیکا اور رنویر کی شادی کی خوبصورت کہانی

رنویر کے مطابق ’دپیکا کو جاننے کے 6 ماہ بعد ہی مجھے اندازہ ہوگیا کہ یہ وہی ہے جس سے میں شادی کرسکتا ہوں، وہ بہت اچھی ہے، میں تو کافی پہلے سے تیار تھا، میں صرف دپیکا کا انتظار کررہا تھا کہ وہ بھی اس رشتے کے لیے تیار ہوجائے‘۔

یاد رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون ایک ساتھ 3 فلموں میں کام کرچکے ہیں، ان میں ’رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ شامل ہیں۔

ان دونوں کی شادی کا تیسرا استقبالیہ 28 دسمبر کو ممبئی میں ہوا۔

اس دوران دپیکا اور رنویر نے ایک رنگ کے ملبوسات زیب تن کیے۔

دپیکا پڈوکون ڈیزائنر ابوجانی سندیپ کھوسلا کی خوبصورت ساڑھی میں نظر آئیں جبکہ رنویر نے ڈیزائنر روہت بال کا جوڑا زیب تن کیا۔

ان دونوں کی شادی کا ایک اور استقبالیہ یکم دسمبر کو ممبئی میں ہوگا، جہاں بولی وڈ سے تعلق رکھنے والے ستارے شرکت کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں