پاکستان کی عمدہ باؤلنگ، نیوزی لینڈ 229رنز پر 7وکٹوں سے محروم

اپ ڈیٹ 03 دسمبر 2018
یاسر شاہ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حآصل کیں— فوٹو: اے پی
یاسر شاہ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حآصل کیں— فوٹو: اے پی
پاکستانی کپتان سرفراز احمد (دائیں) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن (بائیں) سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ
پاکستانی کپتان سرفراز احمد (دائیں) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن (بائیں) سے مصافحہ کر رہے ہیں — فوٹو بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

ابوظہبی: پاکستان نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور میچ کے پہلےدن نیوزی لینڈ کو 229 رنز 7وکٹوں سے محروم کردیا ہے۔۔

شیخ زید اسٹیڈیم میں جاری اس میچ میں ٹاس جیتنے کے بعد نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی باؤلر خصوصاً یاسر شاہ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے اننگز کی ابتدا سے ہی نیوزی لینڈ کو دباؤ میں رکھا اور کھل کر کھیلنے موقع نہ دیا۔

کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر ڈیبیو کرنے والے شاہین آفریدی نے 24 کے مجموعے پر ٹام لیتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

نیوزی لینڈ کا اسکور 70 رنز پر پہنچا تو کھانے کے وقفے سے یاسر شاہ نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کر کے مہمان ٹیم کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

یاسر نے جیت روال کو 45 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا، جبکہ اگلی ہی گیند پر روس ٹیلر کو بھی چلتا کیا۔

یاسر شاہ نے 72 کے مجموعی اسکور پر ہینری نکولس کو بولڈ کیا تو نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 وکٹوں سے محروم ہو چکی تھی جس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور بی جے واٹلنگ نے کریز سنبھالی۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر کے باؤلڈ ہونے کے بعد وکٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر کے باؤلڈ ہونے کے بعد وکٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دونوں بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 104رنز کی شراکت قائم کر کے نیوزی لینڈ کو مکممل تباہی سے بچا لیا۔

اس شراکت کے قیام میں پاکستانی فیلڈر نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا جنہوں نے 9 کے انفرادی اسکور پر بی جے واٹلنگ کا کیچ کیچ چھوڑ کر نیوزی لینڈ کم اسکور پر آؤٹ کرنے کا نادر موقع گنوا دیا۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب 176 کے اسکور پر کیوی کپتان 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد حسن علی کی ریورس سوئنگ کا شکار بنے۔

اس کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی وکٹ پر آمد ہوئی جنہوں نے واٹلنگ کے ساتھ مل کر ٹیم کی ڈصبل سنچری مکمل کرائی لیکن بلال آصف نے آل راؤنڈر کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پاکستان کو 7ویں کامیابی کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور بلال نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹم ساؤدھی کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 229رنز بنائے تھے، واٹلنگ 42 اور ولیم سومر ویل 12رنز پر کھیل رہے ہیں۔

ٹاس

ادھر پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر میچ اور سیریز جیتنے کے لیے پُر عزم دکھائی دے رہے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ ان کے باؤلر اچھی فارم میں ہے اور وہ کیوی ٹیم پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ول سمرویلے ڈیبیو کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’پہلی اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ دونوں ٹیموں کے درمیان اصل فرق ثابت ہوئی‘

سرفراز احمد کی قیادت میں امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی پر مشتمل ٹیم ابوظہبی کے میدان میں اتر گئی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کر رہے ہیں جبکہ جیت راول، ٹام لیتھم، روس ٹیلر، ہینری نکلس، بی جے واٹلنگ، کولن ڈی گرینڈ ہوم، ول سمرویلے، ٹم ساؤتھی اعجاز پٹیل اور ٹرینٹ بولٹ ٹیم کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اعجاز پٹیل کی شاندار باؤلنگ کے نتیجے میں پاکستان کو 4 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے یاسر شاہ کیوی بلے بازوں پر قہر بن کر برسے اور میچ میں 14 وکٹیں لے کر پاکستان کو اننگز اور 16 رنز سے کامیابی دلوا کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں