پریانکا کو شادی میں آتش بازی اور گھڑ سواری کرنا مہنگا پڑ گیا

03 دسمبر 2018
جوڑے نے عیسائی اور ہندو رسومات کے تحت شادی کی—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
جوڑے نے عیسائی اور ہندو رسومات کے تحت شادی کی—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ پگی چوپس پریانکا چوپڑا نے خود سے 11 سال کم عمر امریکی گلوکار نک جونس سے بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کے تاریخی ہوٹل امید بھون پیلس میں شادی کی۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کے لیے مہمانوں کی آمد 29 نومبر سے ہی ہونا شروع ہوگئی تھی اور ان کی شادی کی تقریبات 30 نومبر سے شروع ہوئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں نے یکم دسمبر کو عیسائی رسومات کے تحت شادی کی، جب کہ 2 دسمبر کو انہوں نے ہندو رسومات کے تحت شادی کی۔

اگرچہ دونوں کی شادی کے دوران سنگیت کے پروگرام کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور کئی مداحوں نے انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔

تاہم دونوں کو اپنی شادی کے دوران آتش بازی کرنا اور گھوڑوں سمیت ہاتھیوں پر سواری کرنا مہنگا پڑ گیا۔

دکن کیرونیکل کے مطابق نک جونس اور پریانکا چوپڑا نے عیسائی رسومات کے تحت شادی کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا۔

خبر رساں ادارے ‘اے این آئی’ نے پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی کے دوران کی جانے والی آتش بازی کی ویڈیوز بھی ریلیز کیں، جن پر لوگوں نے اداکارہ کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا۔

دکن کیرونیکل نے بتایا کہ پریانکا چوپڑا نے اپنی شادی میں آتش بازی ایک ایسے موقع پر کی جب کہ کچھ دن قبل ہی بھارت بھر میں دیوالی منائی گئی اور اس دوران اداکارہ نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ آتش بازی نہ کریں۔

گزشتہ ماہ نومبر میں دیوالی کے موقع پر پریانکا چوپڑا نے اپنے ویڈیو پیغام میں لوگوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے ان سے درخواست کی تھی کہ اس موقع پر آتش بازی کرکے دوسروں کو پریشان نہ کریں۔

تاہم اداکارہ نے اپنی ہی شادی میں آتش بازی کرکے لوگوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی اور کئی افراد نے اداکارہ کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب عام لوگ آتش بازی کرتے ہیں تو اس سے ماحولیاتی آلودگی ہوتی ہے اور جب پریانکا جیسی شخصیات کرتی ہیں تو کچھ نہیں ہوتا۔

دوسری جانب ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ پریانکا چوپڑا اور نک جونس کو شادی کی تقریبات کے دوران گھوڑوں اور ہاتھیوں پر سواری کرنا مہنگا پڑ گیا۔

رپورٹ کے مطابق نک جونس اور پریانکا چوپڑا نے شادی رسومات کے تحت جانوروں پر سواری کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اطلاعات تھیں کہ نک جونس شادی کے موقع پر منڈپ میں گھوڑے پر سوار ہوکر پہنچے تھے، جب کہ انہوں نے اپنی دلہن سمیت ہاتھی پر بیٹھ کر تاریخی ہوٹل کا چکر بھی لگایا تھا۔

ایسی رپورٹس سامنے آنے کے بعد جہاں عام لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

جانوروں کے تحفظ کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیم ’پیپل فار دی اتھیکل ٹریٹمنٹ آف اینیمل‘ (پیٹا) نے جہاں نو بیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارک باد پیش کی، وہیں انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ساتھ ہی سماجی تنظیم نے اپنی ٹوئیٹ میں ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا کہ وہ شادیوں میں گھوڑوں اور ہاتھیوں سمیت جانوروں کا بطور سواری استعمال نہ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں