رانی کا ’مردانی 2‘ میں خطرناک ولن سے سامنا

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2018
فلم ’مردانی‘ 2014 میں سامنے آئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم ’مردانی‘ 2014 میں سامنے آئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے اپنے کیریئر میں صرف رومانوی کردار ہی ادا نہیں کیے، بلکہ وہ ایکشن فلموں میں بھی پرفارم کرتی نظر آئیں، ایسی ہی ان کی ایک فلم ’مردانی‘ بھی ہے۔

فلم ’مردانی‘ 2014 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں رانی مکھرجی نے شیوانی شیوا جی روئے نامی سینیئر انسپیکٹر کا کردار نبھایا تھا۔

پرادیپ سرکار کی ہدایات میں بننے والی اس فلم کو تجزیہ کاروں کے بہترین ریویوز ملے، جبکہ باکس آفس پر بھی فلم نے اچھی کمائی کی تھی۔

اور اب اس فلم کا سیکوئل بننے جارہا ہے، جس میں ایک مرتبہ پھر رانی مکھرجی ایکشن کرتی نظر آئیں گی۔

فلم کے اس سیکوئل کی پروڈکشن رانی مکھرجی کے شوہر ادتیا چوپڑا کریں گے۔

مزید پڑھیں: رانی پولیس افسر کے روپ میں

’مردانی‘ کے سیکوئل کی ہدایات گوپی پترن دیں گے، جنہوں نے پہلی فلم کی کہانی تحریر کی تھی۔

اس حوالے سے رانی مکھرجی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ ’مردانی فلم ہمیشہ میرے دل سے بےحد قریب رہے گی، پہلی فلم کی ریلیز کے بعد سے سب نے یہی سوال کیا کہ مردانی 2 کب سامنے آرہی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ اس کے سیکوئل کے اعلان سے لوگ خاصے خوش ہوئے، گوپی نے فلم کی بہترین کہانی تحریر کی ہے اور میں اس کی شوٹنگ کے آغاز کے لیے بےحد پرجوش ہوں‘۔

یاد رہے کہ فلم ’مردانی‘ میں نوجوان اداکار طاہر راج بھاسن نے منفی کردار نبھاکر لوگوں کے دل جیت لیے تھے۔

جبکہ سیکوئل کے ولن کے حوالے سے رانی نے بتایا کہ یہ پہلے ولن سے زیادہ خطرناک ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: مووی ریویو: مردانی - پاورفل کہانی، بہترین پرفارمنس

اداکارہ کے مطابق ’شیوانی کو ایک ایسے ولن کا سامنا کرنا پڑے گا جسے خدا کا کوئی خوف نہیں، نہ ہی اس کے دل میں رحم ہے، اس کردار کو بخوبی لکھا گیا ہے اور میں یہ جاننے کے لیے بےحد پرجوش ہوں کہ یہ کردار کون ادا کرے گا‘۔

’مردانی 2‘ کی شوٹنگ کا آغاز 2019 میں ہوگا جبکہ اسے اس ہی سال کے آخر میں ریلیز کرنے کا ارادہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں