پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کے لیے روانہ ہو گئی جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوتی ہوئی جوہانسبرگ پہنچے گی، کپتان سرفراز احمد اچھی کارکردگی کے لیے پُر عزم ہیں۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق اور اوپننگ بلے باز شان مسعود یو اے ای کے لیے روانہ ہوئے۔

امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل، اظہر علی سمیت دیگر کھلاڑی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنینشل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے۔

جنوبی افریقہ سے ہی تعلق رکھنے والے پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر پہلے ہی اپنے ملک میں موجود ہیں جبکہ دیگر ٹیم آفیشلز بشمول بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور باؤلنگ کوچ اظہر محمود بھی ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: سرفراز احمد کا ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے پر غور

جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کپتان سرفراز احمد نے افریقہ میں بہترین کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے، تاہم نئی سوچ لے کر جنوبی افریقہ جارہے ہیں اور ماضی کو بھول کر پوری توجہ اس دورے پر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی وکٹیں باؤلرز کے لیے ساز گار ہوتی ہیں اور یہاں فاسٹ باؤلرز کا کردار ہی اہم ہوتا ہے۔

ریکارڈ ساز لیگ اسپنر یاسر شاہ اپنی ذاتی مصرفیات کی وجہ سے جنوبی افریقہ روانہ نہیں ہوئے، وہ کچھ روز بعد جوہانسبرگ جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ ساتویں نمبر پر پہنچ گیا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر کو شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری 2019 اور تیسرا ٹیسٹ 11 جنوری سے شروع ہوگا۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ون ڈے کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 19 جنوری کو پورٹ الیزبتھ، دوسرا 22 جنوری کو ڈربن، تیسرا 25 جنوری کو سنچورین، چوتھا 27 جنوری کو جوہانسبرگ اور پانچواں 30 جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان ٹیم مہمان ٹیم کے خلاف اس طویل دورے میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی جس کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا سنچورین میں 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

palwasha aslam Dec 13, 2018 04:05pm
i need every update.