مصر: سیاحوں پر حملے کے بعد پولیس کی کارروائی، 40 'دہشت گرد' ہلاک

29 دسمبر 2018
بم دھماکے کا نشانہ بننے والی سیاحوں کی بس — فوٹو: اے ایف پی
بم دھماکے کا نشانہ بننے والی سیاحوں کی بس — فوٹو: اے ایف پی

جیزا: مصر کی پولیس نے سڑک کنارے نصب بم کے پھٹنے سے 3 غیر ملکی سیاحوں اور ان کے مقامی گائیڈ کی ہلاکت کے بعد کریک ڈاؤن کے دوران 40 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ مشتبہ دہشت گردوں کو صوبے جیزا اور جزیرہ نما سینائی میں کارروائیوں کے دوران ہلاک کیا گیا۔

وزارت داخلہ کے بیان میں کہا گیا کہ 30 دہشت گردوں کو جیزا میں دو کارروائیوں کے دوران جبکہ 10 کو سینائی کے شمال میں کارروائی کے دوران ہلاک کیا گیا، تاہم ان دہشت گردوں کے بم دھماکے میں ملوث ہونے یا ہونے سے متعلق نہیں بتایا گیا۔

بیان کے مطابق انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گرد سیاحتی مقامات اور گرجا گھروں پر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مصر: قبطی مسیحیوں کے قتل میں ملوث 19 دہشت گرد ہلاک

وزارت داخلہ نے کہا کہ 'قومی سیکیورٹی کو اطلاع ملی تھی کہ دہشت گردوں کا گروپ ریاستی اداروں، سیاحتی مقامات، مسلح افواج، پولیس اور مسیحیوں کے گرجا گھروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔'

واضح رہے کہ گزشتہ روز اہرام جیزہ کے قریبی علاقے میں سڑک کنارے ہونے والے بم دھماکے میں ویت نام سے تعلق رکھنے والے 3 سیاح اور ان کا مقامی گائیڈ ہلاک ہوگئے تھے۔

دھماکے کے نتیجے میں ویت نام کے دیگر 11 سیاح اور مصری بس ڈرائیور زخمی بھی ہوئے۔

مصر میں 2017 کے بعد سیاحوں پر پہلے حملے کی ذمہ داری کسی نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں