پرکشش نظر آنے کے لیے میڈونا نے سرجری کروالی؟

06 جنوری 2019
میڈونا کو اب تک مقبول ترین خاتون گلوکارہ کا بھی اعزاز حاصل ہے—فائل فوٹو: ہوم ڈاٹ بی ٹی
میڈونا کو اب تک مقبول ترین خاتون گلوکارہ کا بھی اعزاز حاصل ہے—فائل فوٹو: ہوم ڈاٹ بی ٹی

پاپ موسیقی کی رانی کہلائی جانے والی گلوکارہ، اداکارہ، کاروباری خاتون اور لکھاری میڈونا کے پاس یوں تو خواتین گلوکاراؤں میں سب سے زیادہ مقبول گلوکارہ کا اعزاز بھی ہے۔

تاہم ڈھلتی عمر میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں بھی جدید میڈیکل ٹیکنالوجی کا سہارا لینا پڑا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ شوبز سے وابستہ افراد کو اپنی زندگی میں کسی نہ کسی موڑ پر پرکشش نظر آنے کے لیے کسی نہ کسی طرح کی پلاسٹک سرجری یا اس جیسی ہی دیگر ٹریٹمنٹ کی ضرورت پڑتی ہے۔

نہ صرف میڈونا بلکہ کئی دیگر معروف اداکاراؤں اور خود اداکاروں پر بھی پلاسٹک سرجری کرائے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں اور بعد ازاں کچھ شخصیات نے تسلیم بھی کیا کہ انہوں نے سرجری کرائی۔

60 سالہ میڈونا کو حال ہی میں سال نو کے موقع پر ایک تقریب میں پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے، کیوں کہ ان جسمانی خدو خال 2018 کے آخری ہفتے سے قدرے مختلف تھے۔

سوشل میڈیا پر یہ خبریں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئیں کہ 60 سالہ میڈونا نے پرکشش نظر آنے کے لیے سرجری کرالی اور بعض امریکی و برطانوی نشریاتی اداروں نے بھی اس طرح کی خبریں شائع کیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں میڈونا کو پینٹ شرٹ میں پرفارمنس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم ان کے جسمانی خدو خال کچھ مختلف دکھائی دیے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گلوکارہ نے پلاسٹک سرجری کرالی۔

میڈونا کی پلاسٹک سرجری پر کئی صارفین نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ سرجری سے پہلے پرکشش اور خوبصورت دکھائی دیتی تھیں۔

تاہم پلاسٹک سرجری کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد میڈونا نے بھی اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک ٹوئیٹ کی، تاہم انہوں نے اس ٹوئیٹ میں کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

میڈونا کے جسمانی خدو خال کو گزشتہ ہفتے سے مختلف دیکھا گیا—فوٹو: پیج سکس
میڈونا کے جسمانی خدو خال کو گزشتہ ہفتے سے مختلف دیکھا گیا—فوٹو: پیج سکس

میڈونا نے واضح طور پر ان خبروں کی تردید یا تصدیق نہیں کی کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کرائی ہے یا نہیں، تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں کسی طرح کا کوئی خوف نہیں۔

میڈونا نے سال 2019 کو بہترین، خود مختاری اور اچھا سال قرار دیا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ان کے جسمانی خدو خال جس طرح اور جیسے بھی ہیں اچھے ہیں، انہیں کسی طرح کا کوئی خوف اور دکھ نہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میڈونا پر سرجرائی کرائے جانے کے الزامات لگے ہوں، گزشتہ چند سال سے ان پر چہرے اور جسم کے دیگر حصوں کی سرجری کرائے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

گلوکارہ اداکار لیونارڈی ڈی کیپریو کے ساتھ—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکارہ اداکار لیونارڈی ڈی کیپریو کے ساتھ—فوٹو: انسٹاگرام

میڈونا اگست 1958 میں امریکا میں پیدا ہوئیں اور 1970 کے بعد گلوکاری کی شروعات کی اور جلد ہی وہ پاپ گلوکاری کی مقبول گلوکارہ بن گئیں۔

میڈونا کو 1980 میں پاپ گلوکاری کی رانی کہا جانے لگا اور انہیں 20 ویں صدی کی 25 بااثر اور طاقتور ترین خواتین میں شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

میڈونا نے 1970 کے بعد گلوکاری کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام
میڈونا نے 1970 کے بعد گلوکاری کا آغاز کیا—فوٹو: انسٹاگرام

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میڈونا اب تک کی دنیا بھر کی خواتین گلوکاراؤں میں سب سے زیادہ معروف گلوکارہ ہیں۔

کئی دہائیوں تک دنیا بھر کے نوجوانوں اور رومانوی لوگوں کے دلوں پر راج کرنے والی میڈونا کی عریاں اور نیم عریاں تصاویر ’پلے بوائے‘ اور ’پینٹ ہاؤس‘ جیسی میگزینز کی زینت بھی بنیں۔

گلوکارہ کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں—فوٹو: میڈونا فیس بک
گلوکارہ کے دنیا بھر میں کروڑوں مداح ہیں—فوٹو: میڈونا فیس بک

میڈونا کی تصاویر میگزینز میں شائع ہونے کے بعد ان کی شہرت میں مزید اضافہ ہوا اور انہیں ایک سے بڑھ کر ایک پیشکش ہونے لگی۔

میڈونا نے اب تک درجنوں معروف میوزک البم ریلیز کیے ہیں، انہوں نے 2 شادیاں کیں، تاہم کوئی بھی شادی کامیاب نہ ہوسکی۔

میڈونا نے پہلی شادی اداکار سین پین سے 1985 میں کی اور محض 4 سال بعد 1989 میں طلاق لے لی، گلوکارہ نے دوسری شادی برطانوی فلم ساز اور کاروباری شخص گائے رچی سے 2000 میں کی اور 8 سال بعد 2008 میں طلاق لے لی۔

میڈونا کے 6 بچے ہیں، جن میں سے وہ بچے بھی شامل ہیں، جو انہوں نے گود لے رکھے ہیں۔

میڈونا کو فیشن آئیکون بھی سمجھا جاتا رہا—فوٹو: انسٹاگرام
میڈونا کو فیشن آئیکون بھی سمجھا جاتا رہا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں