ہر سال ہی متعدد ایسی کانسیپٹ گاڑیاں سامنے آتی ہیں جنھیں کمپنیاں مستقبل کی سواری قرار دیتی ہیں مگر جنوبی کورین کمپنی ہنڈائی جیسی گاڑی آج تک آپ نے نہیں دیکھی ہوگی۔

لاس ویگاس میں جاری کنزیومر الیکٹرنکس شو کے دوران اس کمپنی نے 'واکنگ کار' متعارف کرائی جس میں مکڑی جیسی ٹانگیں اسے مشکل سڑکوں بلکہ پہاڑوں پر چڑھنے میں مدد دیتی ہیں۔

ہنڈائی ایلیویٹ نامی یہ گاڑی واکنگ الیکٹرک کار ہے جسے برفانی، زلزلہ زدہ مقامات، پہاڑی چوٹیوں اور متعدد علاقوں میں استعمال کیا جاسکے گا۔

فوٹو بشکریہ ہنڈائی
فوٹو بشکریہ ہنڈائی

اور جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس میں مکڑیوں جیسی ٹانگیں موجود ہیں مگر ان کی تعداد محض 4 ہے۔

ہنڈائی نے اسے ہنڈرڈ یارڈ سلوشن قرار دیا ہے جو اپنی چار ٹانگوں پر چل سکتی ہے یا ہموار سڑک پر عام گاڑیوں کی طرح پہیوں پر دوڑ سکتی ہے اور ہاں سیڑھیاں بھی چڑھ سکتی ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ یہ گاڑی 5 فٹ کی دیوار پر چڑھ سکتی ہے یا 5 فٹ کا خلا عبور کرسکتی ہے۔

اسے مشکل جگہوں تک رسائی کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس میں بجلی کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ مختلف موڈیول کی مدد سے اسے مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

فوٹو بشکریہ ہنڈائی
فوٹو بشکریہ ہنڈائی

کمپنی کے مطابق معذور افراد اس کی مدد سے مشکل مقامات پر جاسکیں گے اور اس کے دیگر مواقعوں کی تعداد بھی لامحدود ہے۔

ہنڈائی کی جانب سے اس گاڑی کو مارکیٹ میں فروخت کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا اور یہ معلوم نہیں کہ یہ کانسیپٹ شکل سے آگے بڑھ سکے گی یا نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں