’چیٹ انڈیا‘ سے ’وائے چیٹ انڈیا‘ لیکن کیوں؟

10 جنوری 2019
فلم 18 جنوری کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 18 جنوری کو ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی کی فلم ’چیٹ انڈیا‘ کے ٹائٹل کو فلم ساز نے ریلیز سے چند روز قبل تبدیل کردیا گیا۔

فلم کا نام ’چیٹ انڈیا‘ سے تبدیل کرتے ہوئے ’وائے چیٹ انڈیا‘ رکھ دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تبدیلی کی وجہ بھارتی سنسر بورڈ کی جانب سے کیے گئے اختلافات ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران ہاشمی کی اگلی فلم بھارتی تعلیمی نظام میں کرپشن پر مبنی

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سنسر بورڈ فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے ارکان نے ریلیز سے قبل فلم دیکھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے ریویو میں کہا کہ فلم کا نام متنازع ہے، جو فلم دیکھنے کے بعد غلط تاثر پیش کررہا ہے۔

اور اب فلم ’چیٹ انڈیا‘ کے پروڈیوسرز نے اپنا بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ فلم کا نام اب ’وائے چیٹ انڈیا‘ رکھ دیا گیا ہے اور یہ فیصلہ مشترکہ طور پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’عقل مند سے نقل مند‘ بننے والے عمران ہاشمی

اس فیصلے کے بعد ’وائے چیٹ انڈیا‘ ٹائٹل کے ساتھ فلم کا نیا پوسٹر بھی ریلیز کردیا گیا۔

فلم ’وائے چیٹ انڈیا‘ کی کہانی بھارتی تعلیمی نظام کے موضوع پر مبنی ہے۔

اس فلم میں عمران ہاشمی مرکزی کردار نبھاتے نظر آئیں گے جبکہ فلم کی ہدایات سومک سین نے دی ہے۔

عمران ہاشمی ٹی سیریز اور ایلپسز کمپنی کے ساتھ اس فلم کی مشترکہ پروڈکشن بھی کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’ٹھاکرے‘ سے بچنے کیلئے عمران ہاشمی اور کنگنا رناوٹ پیچھے ہٹ گئے

فلم کے ہدایت کار سومک سین کا بھی دعویٰ تھا کہ یہ فلم ہر بھارتی طلبہ کے لیے ہوگی جو بہترین نتائج لانے کے پریشر میں مبتلا ہے۔

خیال رہے کہ ٹائٹل سے قبل پروڈیوسرز نے فلم کی ریلیز تاریخ بھی تبدیل کی تھی۔

اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ اس فلم کو رواں سال 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا، تاہم اس ہی تاریخ کو بھارت کی انتہا پسند جماعت شیو سینا کے بانی بال ٹھاکرے کی زندگی پر مبنی فلم بھی سامنے آرہی ہے، جس کی وجہ سے عمران ہاشمی نے اپنی فلم کی تاریخ تبدیل کی۔

فلم ’وائے چیٹ انڈیا‘ اب رواں ماہ 18 تاریخ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں