پی ٹی آئی کی حکومت 5 سال پورے نہیں کرسکے گی، آصف علی زرداری

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2019
آصف علی زرداری کے مطابق وزیراعظم کی مجھ سے جنگ صرف 18ویں ترمیم کے لیے ہے —  فوٹو: ڈان نیوز
آصف علی زرداری کے مطابق وزیراعظم کی مجھ سے جنگ صرف 18ویں ترمیم کے لیے ہے — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت 5 سال پورے نہیں کرسکے گی۔

صوبہ سندھ کے ضلع بدین میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ غریبوں کا ساتھ دیا اور ان کا ساتھ دینے کی بات کی ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سازش ہمارے خلاف نہیں بلکہ عوام کے خلاف ہے، یہ عوام کو حق نہیں دینا چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے جنگ صرف 18ویں ترمیم کے لیے ہے کیونکہ ملک میں زمین ختم ہوگئی اور اب یہ چاہتے ہیں کہ ہم سے گیس اور دیگر ذخائر لے لیں۔

مزید پڑھیں: ‘مجھ پر ہر جانب سے حملے ہورہے ہیں، سارا جھگڑا 18 ویں ترمیم کا ہے’

سابق صدر نے کہا کہ ہمیں اتنا دیوار سے مت لگائیں کہ عوام پھر میرے ہاتھ میں نہیں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر چیز کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ ہوگیا اور غریب آدمی حکومت کو بددعا دے رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ آپ کو علم ہی نہیں کہ ڈالر اوپر جارہا ہے اور آپ کو ٹی وی سے علم ہوتا ہے۔

انہوں نے اپنے دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ڈالر پر نظر رکھتے تھے اور بجلی کی قیمت میں اضافے کے لیے مجھے فون کیا جاتا تھا تو میں انکار کردیتا تھا کہ ہم خسارے سے گزارا کرلیں گے۔

آصف زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے لوگ آپ کے الیکشن کو مانتے ہیں ایسا نہیں ہے، آپ کے الیکشن کو ملک میں کوئی نہیں مانتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت چلائی، ملک بنایا اور ایسے کام کیے جو کسی نے سوچے بھی نہیں تھے۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس: آصف زرداری کے ’ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری' جاری

آصف علی زرداری نے کہا کہ آپ سوچیں سمجھیں اور سیکھیں، اگر نہیں آتا تو حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے ہیں لیکن انہیں سیکھنا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنے اسکینڈل اب نکل رہے ہیں مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ یہ اسکینڈل چھپائے کہاں گئے تھے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سندھ میں ترقیاتی کام ہوتا دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوتی ہے ہم کام کررہے ہیں کیونکہ عوام کا حق ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں