’نسان‘ کا کارلوس گھوسن پر 80 لاکھ یورو کی 'بدعنوانی' کا الزام

18 جنوری 2019
کارلوس گھوسن خود پر عائد کیے گئے نئے الزامات کا دفاع کرنے میں ناکام ہیں — فوٹو: اے پی
کارلوس گھوسن خود پر عائد کیے گئے نئے الزامات کا دفاع کرنے میں ناکام ہیں — فوٹو: اے پی

معروف جاپانی کار ساز کمپنی 'نسان' نے سابق سربراہ کارلوس گھوسن پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے نیدرلینڈز میں قائم مشترکہ منصوبے سے ’غیر قانونی ادائیگیوں‘ کی مد میں تقریبا 80 لاکھ یورو وصول کیے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نسان کمپنی نے اس سلسلے میں سابق سربراہ پر رقم وصول کرنے کے لیے مقدمہ چلانے کی دھمکی بھی دی ہے

نسان کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ کارلوس گھوسن نے نسان-مٹسوبشی بی وی (این ایم بی وی) سے ذاتی ملازمت کا معاہدہ طے کیا تھا تاکہ ’نسان مٹسوبشی موٹرز کی اشتراکیت میں ایک ساتھ کام کرنے کے مقاصد کو فروغ دیا جاسکے‘۔

مزید پڑھیں: جاپان کی عدالت نے 'نسان' کے سابق سربراہ کی درخواست ضمانت مسترد کردی

نسان کمپنی نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت کارلوس گھوسن نے 'این ایم بی وی' فنڈز سے زرتلافی اور دیگر ادائیگیوں کی مد میں 78 لاکھ 22 ہزار 2 سو 6 اعشاریہ 12 یورو (بشمول ٹیکس) وصول کیے۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ مذکورہ معاہدے پر نسان کے موجودہ چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ہیروتو سائیکاوا یا مٹسوبشی موٹرز کے سی ای او اوسامو ماسوکو سے مشاروت کے بغیر دستخط کیے گئے تھے۔

نسان کمپنی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’نسان کمپنی این ایم بی وی سے وصول کی گئی رقوم کو بدعنوانی سمجھتی ہے اور کارلوس گھوسن سے یہ رقم واپس لینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے‘۔

یہ بھی پڑھیں: نسان کمپنی کے سابق چیئرمین پر فرد جرم عائد، نئے وارنٹ گرفتاری جاری

اس کے ساتھ ہی کارلوس گھوسن کی ایک بہن پر بھی الزام عائد ہے کہ انہوں نے ’گلوبل ڈونیشن ایڈوائزری کونسل‘ کا حصہ رہتے ہوئے 2003 سے 2016 کے درمیان 7 لاکھ 55 ہزار ڈالر وصول کیے تھے۔

اس حوالے سے نسان کمپنی کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوئی کونسل کبھی بنی ہی نہیں۔

کارلوس گھوسن خود پر عائد کیے گئے نئے الزامات کا دفاع کرنے میں ناکام ہیں تاہم ان الزامات کو ان کے خلاف عائد باقاعدہ الزامات کا حصہ نہیں بنایا گیا، لیکن جاپانی کمپنی اپنے سابق سربراہ کے خلاف تحقیقات کے دائرہ کار کو وسیع کر رہی ہے جس سے مزید انکشافات سامنے آنے کے امکانات ہیں۔

خیال رہے کہ مذکورہ معاملے پر نسان کمپنی کو بھی قانونی الزامات کا سامنا ہے کیونکہ نسان کی جانب سے شیئرہولڈرز کو جمع کروائے گئے دستاویزات میں ایگزیکٹو کی تنخواہ کو مبینہ طور پر کم دکھایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کاریں بنانے والی مشہور کمپنی نسان کے چیئرمین کرپشن کے الزام میں گرفتار

گزشتہ برس 20 نومبر کو گاڑیاں تیار کرنے والی مشہور کمپنی 'نسان' کے چیئرمین کارلوس گھوسن کو کمپنی کے مالی معاملات میں ہیرا پھیری کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، جس نے کاروباری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے کارلوس گھوسن پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے ایگزیکٹو گریگ کیلی کے ساتھ مل کر اپنی آمدنی چھپائی، جو تقریباً 4 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے۔

کارلوس گھوسن نے ضمانت کے لیے اپیل دائر کی تھی لیکن جاپان کی عدالت نے مالی بےضابطگیوں کے الزامات میں گرفتار نسان کمپنی کے سابق سربراہ کارلوس گھوسن کی درخواست ضمانت یہ کہہ کر مسترد کردی کہ وہ اپنے خلاف موجود ثبوت تباہ کر سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں