شوقین افراد کے لیے خوشخبری، کراچی میں ہر سال ’بریانی میلہ‘ ہوگا

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
کراچی کی بریانی پورے ملک میں مشہور ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک
کراچی کی بریانی پورے ملک میں مشہور ہے—فوٹو: شٹر اسٹاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جہاں ’کتب میلے کا انعقاد ہوتا ہے، وہیں ادبی میلے اور اردو کانفرنسز سمیت دیگر ادبی، سماجی، سیاسی اور تفریحی میلے بھی منعقد ہوتے ہیں۔

کراچی میں ویسے تو ’ایٹ فیسٹیول اورفوڈ فیسٹیول‘ کا انعقاد بھی ہوتا ہے۔

تاہم اب یہاں ہر سال خالصتاً ’بریانی میلے‘ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

جی ہاں، سندھ کے گورنر عمران اسمٰعیل نے چاول کا کاروبار کرنے والے افراد کی درخواست منظور کرتے ہوئے کراچی میں ہرسال بریانی میلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر عمران اسمٰعیل نے ’رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان‘ (آر ای اے پی) کے سالانہ اجلاس میں خطاب کے دوران گورنر ہاؤس میں ہر سال بریانی میلہ منعقد کرانے کا اعلان کیا۔

گورنر نے جلد بریانی میلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا—فائل فوٹو: فیس بک
گورنر نے جلد بریانی میلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا—فائل فوٹو: فیس بک

تاہم انہوں نے فوری طور پر پہلے میلے کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

گورنر عمران اسمٰعیل نے بریانی میلے کو منعقد کرنے کا اعلان رائس ایسکپورٹرز کی جانب سے دی گئی درخواست کے بعد دیا۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار سندھ گورنرہاؤس عوام کے لیے کھول دیا گیا

چاول کے برآمد کنندگان نے گورنر سندھ سے ملاقات کے دوران ملکی چاول کی صنعت کو بڑھانے کے لیے بریانی میلے کو سرکاری سرپرستی میں منعقد کرانے کی درخواست کی تھی۔

گورنر ہاؤس کی عمارت عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہے—فائل فوٹو: ڈان
گورنر ہاؤس کی عمارت عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ہے—فائل فوٹو: ڈان

گورنر عمران اسمٰعیل نے بریانی میلے کا انعقاد کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی میلے کو منعقد کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اس کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی میں حکومتی سرپرستی میں بریانی میلہ منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ میلہ پاکستان میں اپنی طرز کا واحد اور منفرد میلہ ہوگا، اس سے قبل پاکستان میں ایٹ اور فوڈ فیسٹیول منعقد ہوتے رہتے ہیں۔

بریانی میلے کا انعقاد گورنر ہاؤس میں کیا جائے گا، جہاں تاریخ میں پہلی بار یکم فروری کو ’پاکستان ادب فیسٹیول‘ کا انعقاد بھی کیا گیا۔

اس سے قبل گزشتہ برس ملکی تاریخ میں پہلی بار سندھ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھولے گئے تھے۔

گورنر ہاؤس کی عمارت یونیسکو کے عالمی ورثے میں بھی شامل ہے اور اس عمارت کو پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کی سرکاری رہائش گاہ سمیت پاکستان کے پہلے صدر اور سندھ کے پہلے گورنر کی رہائش گاہ کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

گزشتہ برس تاریخ میں پہلی بار سندھ گورنر ہاؤس کو عام افراد کے لیے کھولا گیا تھا—فائل فوٹو: ڈان
گزشتہ برس تاریخ میں پہلی بار سندھ گورنر ہاؤس کو عام افراد کے لیے کھولا گیا تھا—فائل فوٹو: ڈان

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں