بلوچستان: ایرانی سرحد کے قریب منشیات اسمگلر گروہوں کا تصادم، 5 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 01 فروری 2019
واقعہ ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی
واقعہ ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ایرانی سرحد کے قریب منشیات اسمگلروں کے 2 گروہوں میں مسلح تصادم سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد کا کہنا تھا کہ منشیات اسمگلروں کے 2 گروپس کے درمیان زامران کے علاقے سراکزا میں تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد مارے گئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، افغانستان اور ایران کے درمیان منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بیٹھک

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر دونوں گروہوں کے درمیان تنازع کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم ہلاک افراد کا تعلق بلوچستان کے ضلع پنجگور سے ہے جو ایک طویل عرصے سے اسمگلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

مسلح تصادم میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت محمد اسمٰعیل، شاہ داد، نواز کے نام سے ہوئی جبکہ مرنے والے 2 لوگوں کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران کا افغانستان میں امن کی کوششوں کی حمایت کا اعلان

خیال رہے کہ زامران، مند بلو اور کیچ کے دیگر علاقے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے لیے مشہور ہیں اور منشیات اسمگلروں کے درمیان اس طرح کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان اور ایران کے درمیان حال ہی میں زاہدان 22 ویں مشترکہ بارڈر کمیشن اجلاس ہوا تھا، جس میں سرحدی پٹی سے منشیات اسمگلروں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے فورسز کے تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں