ورلڈ ریکارڈ توڑنے والے انڈے کے پیچھے چھپی شخصیت سامنے آگئی

04 فروری 2019
اس انڈے کی نئی پوسٹ میں ذہنی صحت کے حوالے سے پیغام دیا گیا — اسکرین شاٹ
اس انڈے کی نئی پوسٹ میں ذہنی صحت کے حوالے سے پیغام دیا گیا — اسکرین شاٹ

کیا آپ کو اس انڈے کی تصویر یاد ہے جس نے انسٹاگرام پر سب سے زیادہ لائیک کیے جانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا تھا؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ اس تصویر کو اب تک 5 کروڑ 20 لاکھ سے زائد افراد لائیک کرچکے ہیں جبکہ اس ورلڈ ریکارڈ ایگ نامی انسٹاگرام اکاﺅنٹ کے فالورز بھی ایک کروڑ تک پہنچ چکے ہیں۔

اور اب اس انڈے نے اپنی شہرت کو اچھے مقاصد کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔

مزید پڑھیں : کائیلی جینر کا ریکارڈ ایک ’انڈے‘ نے توڑ دیا

گزشتہ شب امریکا میں سپر باﺅل کے موقع پر اس انسٹاگرام اکاﺅنٹ نے اسٹریمنگ کمپنی ہولو کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے ذہنی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے والا اشتہار پیش کیا۔

اشتہار میں کہا گیا 'حال ہی میں، میرا خول چٹخنا شروع ہوا، جس کی وجہ مجھ پر سوشل میڈیا کا دباﺅ تھا'۔ جس کے بعد انڈے کے ٹکڑے ہوجاتے ہیں اور پھر لکھا آتا ہے ' اگر آپ کو بھی مشکل کا سامنا ہے تو کسی سے بات کریں'۔

اس کے بعد انڈے کو دوبارہ درست حالت میں دکھایا گیا ہے جبکہ ذہنی صحت کے حوالے سے ایک ویب سائٹ کا لنک دیا گیا۔

ویسے اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ اکاﺅنٹ کس کا ہے تو یہ کوئی مشہور نام نہیں۔

نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق درحقیقت یہ لندن سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ کرس گاڈفرے نے اکاﺅنٹ بنایا جو کہ اشتہاری صنعت سے منسلک ہیں، اس کے لیے انہوں نے اپنے دو دوستوں الیسا خان اور سی جی براﺅن کی مدد لی اور انڈے کو بنایا جسے یوجین کا نام دیا گیا۔

انہوں نے یہ اس انڈے کو اس چیلنج کے ساتھ پوسٹ کیا تھا کہ وہ کائیلی جینر کے سب سے زیادہ لائیک فوٹو کا ریکارڈ توڑیں گے۔

دوستوں کے اس گروپ نے نوٹس کیا کہ اس انڈے کے سب سے زیادہ مداح انسٹاگرام کے نوجوان صارفین ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 2018 میں انسٹاگرام کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی تصاویر

اس اکاﺅنٹ پر اب تک صرف 6 پوسٹس ہوئی ہیں مگر اس کی مقبولیت کے پیش نظر یہ کہنا غلط نہیں کہ اس کی مالیت بہت زیادہ ہوچکی ہے۔

بچوں اور نوجوانی میں اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے مثبت پیغام کو شیئر کرنے کو سوشل میڈیا صارفین کے کافی سراہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں